بھٹکل میں کم عمر بچے کے ساتھ بدفعلی۔ ملزم نوجوان پوکسو کے تحت گرفتار
بھٹکل 4؍اگست (ایس او نیوز) تعلقہ کے ایک نوجوان کو پولس نے پوکسو ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا ہے جس پر ایک 12 سالہ لڑکے کے ساتھ بدفعلی کا الزام ہے۔ گرفتار شدہ نوجوان کی شناخت عبدالدائم فکردے (18) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں درج شکایت کے مطابق بازارسے کچھ سامان خریدنے کے لئے جاتے ہوئے لڑکے کے ہاتھ سے پیسے گم ہوگئے۔ جب وہ 12سالہ لڑکا راستے پر اپنے گم شدہ پیسے ڈھونڈ رہاتھا تو ایک 18سالہ نوجوان نے اسے پیچھے سے آکر پکڑ لیا اور اپنے ہاتھوں سے اس کامنھ بند کرکے قریب میں واقع زیر تعمیر عمارت کے اندر لے گیا اور اس کے ساتھ جنسی بدفعلی انجام دی۔
بدفعلی کا شکار لڑکے کی دادی کی طرف سے بھٹکل مضافاتی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروانے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بدفعلی کے جرم میں عبدالدائم فکردے کو پوکسو ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یہ فعل اُس نے قریب پندرہ روز پہلے انجام دی تھی، مگر اُس نے لڑکے کو دھمکی دے رکھی تھی کہ وہ اس واقعے کا کسی سے تذکرہ نہ کرے۔ بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز جسم کے مخصوص حصہ میں درد سے تڑپتا دیکھ کر گھروالوں نے لڑکے سے سختی کے ساتھ پوچھ تاچھ کی تو اُس نے پورا واقعہ بیان کیا، جس کے فوری بعد گھروالوں نے پولس تھانہ پہنچ کر متعلقہ نوجوان کے خلاف شکایت درج کی۔
علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ عبدالدائم اس سے پہلے بھی اس طرح کی کرتوت انجام دے چکا ہے، کچھ ماہ قبل علاقہ کے لوگوں نے اس کی جم کر پیٹائی بھی کی تھی اور محلہ کمیٹی کی جانب سے میٹنگ میں اسے تنبیہ کرکے چھوڑ دیا گیا تھا کہ آئندہ وہ اس طرح کی حرکت نہیں کرے گا۔ علاقہ کے کچھ لوگوں نے بتایا کہ اس نوجوان کی وجہ سے ہمیں اپنے بچوں کو بالخصوص مغرب کی نماز اور شبینہ مکتب بھیجنے سے بھی ڈر لگتا تھا ۔
بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر گنیش نے بتایا کہ عبدالدائم کو پوکسو کے ساتھ ساتھ دفعہ 377 کے تحت گرفتار کرلیا گیا ہے، مزید چھان بین جاری ہے۔