مینگلور ائرپورٹ میں پھر پکڑا گیا سونا؛ دبئی سے سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام؛ تین گرفتار
مینگلور 9/مارچ ّ (ایس او نیوز) مینگلور ائرپورٹ سے غیر قانونی طور پر سونا اسمگل کرنے کی کوشش کو محکمہ کسٹم نے پھر ایک بار ناکام بنادیا اور قریب 49 لاکھ مالیت کا سونا ضبط کرلیا۔ کسٹم کے ذرائع نے بتایا کہ تین مسافروں کے پاس سے یہ سونا برآمد کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کسٹم حکام نے آج جب مسافروں کی سختی کے ساتھ تلاشی لی تو تین مسافروں کے پاس سے اتنی بڑی تعداد میں سونا چوری چھپے لے جانے کی بات کا پتہ چلا۔ ذرائع کے مطابق تینوں مسافروں نے سونے کو سفوف میں تبدیل کرکے اسے اپنے جسم میں خوبصورتی کے ساتھ پیکنگ کرکے چھپا رکھا تھا، لیکن کسٹم حکام کی نظروں سے بچ کر یہ لوگ باہر نہیں جاسکے اور تینوں کو دھر لیا گیا۔
جملہ گولڈ کا وزن 1532.110 گرام ریکارڈ کیا گیا ہے ، جس کی لاگت مارکٹ میں قریب 49 لاکھ روپیہ بتائی گئی ہے۔
تینوں مسافر ائیر انڈیا ایکسپریس فلائٹ سے مینگلور انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اُترے تھے۔