بھٹکل شمس الدین سرکل پر المناک سڑک حادثہ؛ لاری نے بائک کو کچل دیا؛ بائک سوار جاں بحق (وڈیو نیوز بھی شامل)
بھٹکل 16 فروری (ایس او نیوز) شمس الدین سرکل نیشنل ہائی وے 66 پر ہوئےایک المناک سڑک حادثے میں بائک سوار اسپتال پہنچنے تک خالق حقیقی کو لبیک کہہ گیا۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
مرنے والے کی شناخت نوائط کالونی امین الدین روڈ کے رہنے والے عبدالودود مانی (50) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ عبدالودود ساگر روڈ سے نوائط کالونی کی طرف جانے کے لئے تیز رفتاری کے ساتھ شمس الدین سرکل پر گھوم رہا تھا جس کے دوران مینگلور سے ممبئی کی طرف روانہ ہونے والی لاری کی زد میں آگیا۔ حادثہ اتنا دلخراش تھا کہ اس کی بائک سیدھے لاری کے اندر جاکر پھنس گئی تھی۔ ایک شخص نےبتایا کہ یہ شخص ایک ہاتھ سے موبائل پر گفتگو کرتے ہوئے ساگر روڈ سے تیزی کے ساتھ سرکل پر مُڑ گیا تھا، جس کے دوران لاری اس پر چڑھ گئی۔ شدید زخمی حالت میں عبدالودود کو رکشہ پر ڈال کر سرکاری اسپتال لے جایا گیا، مگر اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی وہ فوت ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی نہ صرف شمس الدین سرکل، بلکہ سرکاری اسپتال کے باہر بھی لوگ کثیر تعداد میں جمع ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ عبدالودود کمٹہ میں عنقریب منعقد ہونے والے تبلیغی اجتماع کے سلسلے میں ذمہ داروں کے ساتھ تیاریوں میں مصروف تھا، ساگر روڈ میں بھی اسی سلسلے میں گیا تھا، جہاں سے کام نپٹا کر واپس اپنے گھر جارہا تھا جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ وہ گذشتہ دو دنوں سے تبلیغ جماعت سے جُڑ ا ہوا تھا ۔
اللہ اس کی مغفرت فرمائے، تمام گناہوں کو بخش دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اٰمین
حادثے کے تعلق سے وڈیو نیوز ذیل میں پیش کی گئی ہے۔