بنگلورو۔27؍اپریل(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا آج خلیجی مملکت متحدہ عرب امارات کے سہ روزہ دورہ پر روانہ ہوگئے۔آج صبح سدرامیا کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ سے دوبئی کیلئے نکلے ، کل جمعہ کو کرناٹکا این آر آئی کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ افتتاحی تقریب میں سدرامیا بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ جبکہ ہفتہ کے روز وہ ابو ظبی کا دورہ کریں گے۔جہاں پر متحدہ عرب امارات کی صنعتی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے مختلف صنعتوں کا معائنہ کریں گے اور وہاں کے صنعت کاروں سے تبادلۂ خیال کریں گے۔ اپنے اس دورہ کے دوران وزیر اعلیٰ سنیچر کی صبح ابوظبی میں تعمیر عالمی شہرت یافتہ مسجد شیخ زائد النہیان کا نظارہ کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ان کے پرنسپل سکریٹری ایل کے عتیق ، پارلیمانی سکریٹری کے گووند راج اور او ایس ڈی مرزا مہدی بھی دورۂ دوبئی پر روانہ ہوئے ہیں۔وزیر برائے سماجی بہبود ایچ آنجنیا اور دیگر لیڈروں نے پہنچ کر وزیراعلیٰ کی ہوم آفس کرشنا میں سدرامیا کو وداع کیا۔
دوبئی آمد پر وزیراعلیٰ سدرامیا کا مقامی کنڑیگاؤں نے والہانہ استقبال کیا، جس میں بھٹکل کے قائد قوم ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن پیش پیش تھے۔