جدہ کانسلیٹ جنرل آف انڈیا کے زیر اہتمام تمل ناڈواور نارتھ ایسٹ اسٹیٹ ڈیز کا انعقاد
جدہ:2/ فروری (ایس اؤنیوز)جدہ میں قائم کانسلیٹ جنرل آف انڈیا کے زیر اہتمام سعودی انڈین بزنس نیٹ ورک (SIBN)،جدہ تمل اینڈ نارتھ ایسٹ اسٹیٹ کمیونٹی کے تعاون سے 26جنوری 2018کو ’’تمل ناڈو ڈے 2018اور نارتھ ایسٹ اسٹیٹ ڈے 2018‘‘ کانسلیٹ جنرل آف انڈیا کے صحن میں ثقافتی پروگرام کا انعقاد ہوا۔
پروگرام کا آغاز عزیزی عمر احمد کی تلاوت قرآن سے ہوا، عزیزی فہیم اور عزیزہ فرحانہ محمد رفیع نے بالترتیب تمل اور انگریزی میں ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد بھارت کا قومی ترانہ پیش کیاگیا۔ ابراہیم مرکیرے نے جدہ تمل کمیونٹی کی سرگرمیوں کا تذکرہ کرتےہوئے مہمانوں کا استقبال کیا۔ کانسل جنرل آف انڈیا جدہ محترم محمد نور رحمن شیخ اور ان کے خاندان والوں کا سراج کی نگرانی میں تمل ناڈوکے روایتی انداز میں استقبال کیاگیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتےہوئے کونسل جنرل آف انڈیا محمد نوررحمن شیخ نے مختلف صوبہ جات کے ایام منانےکی غرض وغایت بیان کی اور بتایا کہ دراصل بیرون ملک میں مقیم بھارتیوں کی ہمت افزائی اور ان کی تہنیت مقصود ہے۔ انہوں نے اس موقع پر سعودی عرب میں مقیم تمام ہندوستانیوں کو سعودی شہریوں سےجوڑتے ہوئے سرمایہ داری میں وزارت کی طرف سے ممکنہ تعاون کرنے کی بات کہی۔ انہوں نے سرمایہ داروں سے کہاکہ بھارت اور بیرون ملک خاص کر سعودی کانسلیٹ حدود کے اندر جو بھی سرمایہ داری کی جائے گی اس سلسلے میں جو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اس زمرے میں ہر طرح کی مدد کئے جانے کا تیقن دلایا۔ انہوں نے جدہ کانسلیٹ کی طرف سے انڈین کمیونٹی کے لئے کی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر کانسل جنرل نے تمل کمیونٹی کی سماجی ، ثقافتی میدان میں انجام دی جانے والی خدمات کی ستائش کی۔ انہوں نے خاص کر نارتھ ایسٹ اسٹیٹ والوں کی بھی خدمات کا تذکرہ کیا۔ شعبہ کامرس کے کانسل ڈاکٹر نورالحسن نے آئندہ ہونے والے دیگر صوبہ جات کے پروگرام کی جانکاری دی۔
پروگرام میں تمل کا مشہوڈانس موررقص، پشپا سریش کی نگرانی میں پیش کیا گیا۔ میتھلی اور مرلی نے بچوں کے فیانسی ڈریس پروگرام کا بہترین انتظام کیا۔آئی آئی ایس جے کے طلبا کی طرف سے میزو/چیراؤ/بامبو ڈانس ، تھانگ-تا نامی کھیل کا مظاہر ہ عوام کو محظوظ کرنےمیں کامیاب ہوا۔سعودی اور دیگر شہریوں کو بھارت کے سیاحتی مراکزسے متعارف کرانے نارتھ ایسٹ اسٹیٹ کے قریب 8سیاحتی مقامات کا تعارف پیش کرنےو الی ایک مصوری نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ بچوں اور خواتین نے بھی ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ تقریب میں 1500سے زائد افراد شریک ہوئے تھے۔ پرتھیبانے اور رابعہ محی الدین نے بہترین انداز میں نظامت کے فرائض انجام دئیے۔