ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کولکاتہ لاء کالج میں احتجاج کے بعد وائس پرنسپل مستعفی، اے بی وی پی نے کیا فتح کا اعلان

کولکاتہ لاء کالج میں احتجاج کے بعد وائس پرنسپل مستعفی، اے بی وی پی نے کیا فتح کا اعلان

Sun, 13 Sep 2026 12:07:39    S O News

کولکاتہ، 13/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کولکاتہ کے سریندر ناتھ لاء کالج کی وائس پرنسپل ڈاکٹر محمدی ترنم کے استعفے کے بعد اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (ABVP) سے وابستہ طلبہ نے ان کے دفتر میں گنگا جل چھڑکا اور اگر بتیاں جلائیں۔ طلبہ نے ۲۳؍ گھنٹے طویل احتجاج کے بعد ان کے استعفے کو ایک فتح قرار دیا اور کہا کہ اس قدم کا مقصد کالج سے گزشتہ ٹی ایم سی حکومت کے اثر و رسوخ کو ختم کرنا ہے۔

اس احتجاج کے دوران وائس پرنسپل ڈاکٹر محمدی ترنم کے کمرے کو گھیرلیا گیا تھااور انہوں نے الزام لگایا کہ اس دوران کمرے کی بتی اور پنکھے بند کر دیے گئے تھے اور انہیں کھانا اور پانی تک نہیں دیا گیا۔تاہم پولیس تحفظ میں کالج سے باہر نکلتے وقت میڈیاسے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سے زبردستی اور دباؤ ڈال کر استعفیٰ لیا گیا ہے اور یہ سب ایک سازش کے تحت ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالب علموں میں نظم و ضبط پیدا کرنے کی کوششوں کی وجہ سے کچھ عناصر ان کو عہدے سے ہٹانے پر تلے ہوئے تھے۔ انہوں نے ترنمول کانگریس سے کسی بھی تعلق کی تردید کی اور حکومت سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی۔

واضح رہے کہ اس تنازع کی شروعات کالج کے اس نوٹس کے بعد ہوئی تھی جس میں امتحانات میں بیٹھنے کیلئے کم از کم ۷۵؍ فیصد حاضری کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔ احتجاجی طلبہ کا کہنا تھا کہ اس شرط سے تقریباً ۹۰۰؍ میں سے ۶۰۰؍ طلباء امتحان دینے سے محروم ہو جاتے۔ بعد میں بی جے پی لیڈراور گورننگ کونسل کے چیئرمین کا ؤستو باغچی کی مداخلت کے بعد خود نامزدگی کی بنیاد پر ۴۰؍ فیصد حاضری والے طلباء کو بھی امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا، لیکن اس کے باوجود طلبہ کا احتجاج جاری رہا اور بالآخر وائس پرنسپل کواستعفیٰ دینا پڑا۔


Share: