ذی الحجہ کا چاند نظر آ گیا، بھٹکل سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 12؍ اگست کو منا ئی جائے گی عید الاضحیٰ
بھٹکل ،3؍اگست (ایس او نیوز) ہندوستان کے کئی شہروں میں ذی الحجہ کا چاند جمعہ کی شام کو نظر آنے کی اطلاع ملنے کے بعد بھٹکل کے قاضی صاحبان نے بھی متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ یکم ذی الحجہ 1440 ہجری مطابق 3؍اگست 2019 بروز ہفتہ ہے اس مناسبت سے عید الاضحیٰ 12 اگست 2019 بروز پیر منائی جائے گی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ روز چاند نظر آ گیا تھا اور وہاں 2 ؍اگست بروز جمعہ کو یکم ذی الحجہ سن 1440 ہجری ہونے کی اطلاع ملی تھی ۔اسی طرح کی اطلاعات بنگلورو سے بھی موصول ہوئی ہے جہاں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرناٹک کی جانب سے بھی آج ہفتہ 3؍اگست کو یکم ذی الحجہ ہے اس مناسبت سے 12؍اگست کو پوری ریاست کرناٹک میں بھی عید الاضحیٰ منائی جائے گی ۔
اُدھر مرکزی رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد دہلی کی جانب سے بھی جاری پریس ریلیز میں چاند نظر آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ پریس ریلیز میں لکھا گیا ہےکہ، ’’آج 2 اگست 2019 جمعہ کے روز ماہ ذی الحجہ کا چاند نظر آ گیا ہے۔ لہٰذا مرکزی رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد دہلی کے اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ یکم ذی الحجہ 3؍ اگست 2019 ہفتہ کے روز ہے اور عید الاضحیٰ 12؍اگست 2019 پیر کے روز ہے۔‘‘
قبل ازیں، لکھنؤ سے موصول ہونے والی خبر کے مطابق نماز جمعہ کے بعد مسجدوں سے عید الاضحیٰ پر ہونے والی قربانی کے حوالہ سے مسلمانوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی۔ مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے اس حوالہ سے میڈیا سے بتایا کہ علما سے کہا گیا تھا کہ وہ نماز کے بعد لوگوں سے اپیل کریں کہ وہ کھلے مقامات پر جانوروں کو ذبح نہ کریں۔ علاوہ ازیں جانوروں کے گوشت اور باقیات کو کھلے مقامات پر نہ پھینکے بلکہ انہیں دفن کر دیں۔ اس کے علاوہ قربانی کی تصاویر نہ کھینچے اور انہیں سوشل میڈیا پر قطعی نہ ڈالیں۔
قبل ازیں، عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے وسطی علاقے کاتمیرر صدگاہ سے ذوالحج کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہوئی، سعودی حکومت نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتوں سے حکومت کو آگاہ کریں۔
عرب میڈیا کے مطابق جمعہ 2 اگست یکم ذی الحجہ ہوگا، حج کا رکنِ اعظم یعنی وقوفِ عرفہ ہفتہ 10 اگست (9 ذی الحجہ) کو ادا کیا جائے گا جبکہ سعودی عرب میں اتوار 11 اگست کو عید الاضحیٰ کا پہلا روز ہوگا۔ سعودی عرب کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک میں بھی عیدالاضحیٰ اتوار 11 اگست کو ہوگی۔