ترواننت پورم،9/دسمبر(ایس او نیوز/ایجنسی) ویسٹ انڈیز کے بلے باز لینڈل سمنس کی ناٹ آؤٹ 67 رنوں کی اننگ کے دم پر ویسٹ انڈیز نے ہندوستان کو دوسرے ٹی -20 بین الاقوامی میچ میں 8 وکٹ سے شکست دے دی ہے۔ لینڈل سمنس نے 45 گیندوں کی اپنی اننگ میں 4 چوکے اور 4 چھکوں کی مدد سے 67 رن بنائے اورویسٹ انڈیزکی جیت کے لئے ایک اینڈ پروہ آخرتک کھڑے رہے۔ لینڈل سمنس کے علاوہ ان کے ساتھی سلامی بلے باز ایون لوئس نے بھی 35 گیندوں پر40 رنوں کی اننگ کھیلی۔
اس کے بعد 18 گیندوں کی اپنی اننگ میں نکولس پورن نے شاندارناٹ آؤٹ 38 رن بنائے۔ پورن نے اس اننگ کے دوران 4 چوکے اوردو چھکے بھی لگائے۔ ٹیم انڈیا کے 171 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری کیریبیائی ٹیم نے 9 گیند باقی رہتے ہوئے یہ ہدف حاصل کرلیا اوربغیرکسی مشکل کے یہ میچ اپنے نام کرلیا۔ حالانکہ اس دوران ٹیم انڈیا کی فیلڈنگ بھی بہت خراب رہی۔ رشبھ پنت نے بھی دو کیچ چھوڑے، جس کے بعد میدان میں ان کے خلاف نعرے بازی بھی ہوئی۔
اس سے قبل ٹیم انڈیا نے 20 اوورمیں 7 وکٹ کے نقصان پر170 رن بنائے تھے۔ ہندوستان کی طرف سے شیوم دوبے نے بہترین اننگ کھیلی تھی۔ انہوں نے صرف 30 گیندوں میں 54 رن بنائے تھے اورویسٹ انڈیزکے کپتان کیرون پولارڈ کے ایک ہی اوورمیں 26 رن بنا ڈالے تھے۔ اس کے علاوہ رشبھ پنت نے 33 اورکپتان وراٹ کوہلی نے 19 رنوں کی اننگ کھیلی تھی۔ حالانکہ ٹیم انڈیا کے اس اسکورکو ویسٹ انڈیزنے آسانی سے حاصل کرلیا۔