کیپ ٹاؤن میں ہندوستان کی جنوبی افریقہ پر تاریخی فتح، میچ دوسرے ہی دن ختم، ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر

Source: S.O. News Service | Published on 4th January 2024, 8:11 PM | اسپورٹس | ان خبروں کو پڑھنا مت بھولئے |

کیپ ٹاؤن، 4/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی) ہندوستانی مینس کرکٹ ٹیم نے 2024 کا آغاز ایک شاندار اور ریکارڈ ساز جیت کے ساتھ کیا ہے۔ کیپ ٹاؤن کے نیولینڈس میں 3 جنوری سے شروع ہوا ٹیسٹ میچ 4 جنوری یعنی دوسرے دن ہی ختم ہو گیا۔ ہندوستان کو جیت کے لیے دوسری اننگ میں 79 رنوں کا ہدف ملا تھا جسے روہت بریگیڈ نے محض 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں گیند کے لحاظ سے سب سے چھوٹا میچ رہا جس میں جیت اور ہار کا فیصلہ ہوا ہو۔ دراصل یہ ٹیسٹ میچ صرف 642 گیندوں میں ختم ہو گیا۔ اس سے قبل 1932 میں ملبورن کے میدان پر آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو ایک اننگ اور 72 رنوں سے ہرایا تھا جس میں 656 گیندیں پھینکی گئی تھیں۔

ویسے ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بے شمار ریکارڈ بنے، لیکن سب سے بڑی بات یہ رہی کہ کیپ ٹاؤن میں ہندوستان نے پہلی بار جنوبی افریقہ کو شکست دی۔ یہ میچ پوری طرح سے گیندبازوں کا رہا کیونکہ 4 اننگ میں صرف ایک سنچری اسکور بنا اور نصف سنچری اسکور تو ایک بھی نہیں بن سکا۔ اس مشکل پچ پر ہندوستان نے 7 وکٹ سے جیت حاصل کی اور پہلی اننگ میں جہاں محمد سراج نے 6 وکٹ لے کر افریقی ٹیم کی کمر توڑ دی تھی، تو وہیں دوسری اننگ میں بمراہ نے 6 وکٹ لیتے ہوئے ہندوستان کے لیے جیت کا راستہ ہموار کر دیا۔

آج صبح جب جنوبی افریقہ نے کل کے اسکور 3 وکٹ کے نقصان پر 62 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں جسپریت بمراہ نے ڈیوڈ بیڈنگھم (11 رن) کو آؤٹ کر میزبان ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔ جلد ہی کائل ویرینے (9 رن) کو بھی بمراہ نے پویلین بھیج دیا۔ تھوڑے تھوڑے وقفے پر انھوں نے مارکو جانسن (11 رن) اور کیشو مہاراج (3 رن) کو بھی آؤٹ کر دیا۔ اس وقت جنوبی افریقہ 7 وکٹ کے نقصان پر 111 رن بنا چکی تھی۔ یہاں اس کی سبقت 13 رنوں کی ہو چکی تھی اور ٹیم مشکل میں تھی۔ یہاں ایڈن مارکرم نے طوفانی انداز اختیار کیا جو کہ گزشتہ روز 36 رنوں پر ناٹ آؤٹ تھے۔ انھوں نے کگیسو رباڈا (2 رن) کے ساتھ 51 رنوں کی اہم شراکت داری کی۔ مارکرم نے ایک مشکل پچ پر 103 گیندوں میں 2 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 106 رن بنائے۔ ان کی اننگ کی اہمیت اسی بات سے ظاہر ہوتی ہے کہ دوسری اننگ میں جنوبی افریقہ کی طرف سے دوسرے بڑے اسکورر ڈین ایلگر رہے جنھوں نے 12 رن بنائے تھے۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 36.5 اوورس میں 176 رنوں پر آؤٹ ہو گئی اور ہندوستان کے سامنے جیت کے لیے 79 رنوں کا ہدف رکھا۔

ہندوستان کی جانب سے گیندبازی کی بات کی جائے تو جسپریت بمراہ نے 13.5 اوورس میں 61 رن دے کر 6 وکٹ لیے۔ 2 وکٹ مکیش کمار کو ملے جنھوں نے 10 اوورس میں 56 رن دیے۔ 1-1 وکٹ محمد سراج (9 اوورس میں 31 رن) اور پرسدھ کرشنا (4 اوورس میں 27 رن) کو ملے۔ پورے میچ کی بات کریں تو محمد سراج نے 46 رن دے کر 7 وکٹ حاصل کیے جس کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ پوری سیریز میں 12 وکٹ لینے والے ہندوستانی گیندباز جسپریت بمراہ کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ حالانکہ پلیئر آف دی سیریز مشترکہ طور پر ڈین ایلگر کو بھی دیا گیا جنھوں نے پہلے میچ میں 185 رن بنا کر ہندوستان کو جیت سے دور کر دیا تھا۔

بہرحال، دوسرے میچ میں ہندوستانی سلامی بلے باز روہت شرما اور یشسوی جیسوال جب 79 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے میدان میں اترے تو میچ کو جلد از جلد ختم کرنے کے موڈ میں دکھائی دیے۔ یشسوی جیسوال نے تو پہلے اوور کی پہلی اور تیسری گیند پر چوکا لگا کر اپنا ارادہ ظاہر کر دیا تھا۔ نتیجہ یہ رہا کہ یشسوی جب 23 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 28 رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے تو ہندوستان کا اسکور 44 رن پہنچ چکا تھا۔ شبھمن گل نے بھی زیادہ رک کر کھیلنا مناسب نہیں سمجھا، لیکن رباڈا کی ایک اچھی گیند پر وہ بولڈ ہو گئے۔ انھوں نے 11 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 10 رن بنائے۔ وراٹ کوہلی بھی بہت اچھے دکھائی دے رہے تھے، لیکن بدقسمتی سے مارکو جانسن کی ایک گیند ان کے گلوس میں لگ کر کیپر کے پاس چلی گئی۔ کوہلی نے 11 گیندوں پر 12 رن بنائے۔ اس کے بعد مزید کوئی وکٹ نہیں گرا۔ شریئس ایر نے چوکا لگا کر ہندوستان کو جیت دلا دی۔ دوسری طرف کپتان روہت شرما 22 گیندوں پر 2 چوکوں کے ساتھ 16 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان نے 79 رنوں کا ہدف محض 12 اوورس میں ہی حاصل کر لیا۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے کگیسو رباڈا نے 6 اوورس میں 33 رن دے کر ایک وکٹ، ناندرے برگر نے 4 اوورس میں 29 رن دے کر ایک وکٹ اور مارکو جانسن نے 2 اوورس میں 15 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔

ایک نظر اس پر بھی

حیدرآباد نے آئی پی ایل کا سب سے بڑا اسکور بنایا ، ممبئی کو 31 رنز سے دی بری طرح شکست

آئی پی ایل 2024 کے 8ویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے ممبئی انڈینز کو 31 رنز سے شکست دے دی۔ میچ میں حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 277 رنز بنائے۔ جواب میں ممبئی کی ٹیم 20 اوورز میں 246/5 ​​رنز ہی بنا سکی۔ تلک ورما نے ممبئی کے لیے کافی دیر کوشش کی اور 64 رنز کی ...

آئی پی ایل 2024: دفاعی چمپئن چنئی نے جیت کے ساتھ کیا آغاز، بنگلورو کو 6 وکٹ سے ملی شکست

آج آئی پی ایل 2024 کا پہلا میچ دفاعی چمپئن چنئی سپرکنگز (سی ایس کے) اور رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے درمیان کھیلا گیا جس میں چنئی کو 6 وکٹ سے جیت ہاتھ لگی ہے۔ بنگلورو نے چنئی کے سامنے جیت کے لیے 174 رنوں کا ہدف رکھا تھا جسے اس نے 18.4 اوورس میں محض 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس ...

ہندوستان نے پانچویں ٹیسٹ میں انگلینڈ کو اننگ اور 64 رن سے شکست ، سیریز پر 4-1 سے قبضہ

دھرم شالہ میں کھیلے جا رہے پانچویں ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو اننگز اور 64 رنز سےشکست دی  ہے۔ اس طرح ہندوستان نے سیریز 4-1 سے جیت لی۔ ہندوستانی ٹیم نے میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کو بڑی شکست دی۔ انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی بری طرح لڑکھڑا گئی۔ صرف جو روٹ ہی بلے سے کچھ ...

ہندوستان نے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 106 رنوں سے دی شکست، سیریز 1-1 سے برابر

) ہندوستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ سے ملی شکست کا بدلہ آج وشاکھاٹنم میں لے کر سیریز کو 1-1 سے برابر کر دیا ہے۔ 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ہندوستان نے 106 رنوں سے جیت لیا ہے۔ اس جیت کے ہیرو پلیئر آف دی میچ جسپریت بمراہ رہے جنھوں نے دونوں اننگ میں مجموعی طور پر 9 ...

جنوبی آفریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں انڈیا کو دی ایک اننگ اور 32 رنوں سے شکست

جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہندوستانی ٹیم ایک اننگ اور 32 رنوں سے ہار گئی ہے۔ اس شرمناک شکست کا ذمہ دار ہندوستانی بلے باز اور گیندبازوں دونوں رہے، کیونکہ پہلی اننگ میں کسی طرح 245 رن کا اسکور بنانے کے بعد ہندوستانی ٹیم دوسری اننگ میں محض 131 رنوں پر ...

چامراج نگر میں پولنگ بوتھ میں توڑ پھوڑ - سنگ باری - پولیس نے کیا لاٹھی چارج 

سرحدی علاقے چامراج نگر کے گاوں والوں نے انہیں بنیادی سہولتیں دستیاب نہ ہونے کی شکایت کرتے ہوئے بطور احتجاج الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا اس کے باوجود وہاں پولنگ کا انتظام کرنے پر مشتعل مظاہرین نے  سنگ باری کی اورپولنگ بوتھ کو توڑ پھوڑ کر رکھ دیا ۔ حالات پر قابو پانے کے لئے اور ...

منیش سسودیا کو نہیں ملی راحت، عدالتی تحویل میں مزید 8 مئی تک توسیع

دہلی کے مبینہ شراب پالیسی گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں عدالت نے عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سسودیا کی عدالتی تحویل میں 8 مئی 2024 تک توسیع کر دی ہے۔ اس معاملہ کی تفتیش ای دی کی جانب سے کی جا رہی ہے۔

بیدر میں وزیراعلیٰ سدرامیا نے وزیراعظم مودی پر کی سخت تنقید 

بیدر کے انتخابی دورہ پر کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدرامیا نے وزیراعظم نریندر مودی پر  یہ کہہ کر سخت تنقید کی کہ  اُنہیں انتخابات کے موقع پر ہی  کرناٹک کی یاد آتی ہے۔ شہر کے گنیش میدان میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں شدید خشک سالی ...

بی جے پی نے باغی لیڈر ایشورپا کو 6 سال کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا

  کرناٹک میں آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن لڑ رہے بی جے پی کے باغی لیڈر کے ایس ایشورپا کو پارٹی نے 6 سال کے لئے معطل کر دیا۔ زیر بحث شیوموگا لوک سبھا سیٹ سے اپنی نامزدگی واپس نہیں لینے کے ایشورپا کے فیصلے کے بعد بی جے پی کی تادیبی کمیٹی نے اس تعلق سے ایک حکم جاری کر دیا۔ ...