اُڈپی،18؍جون (ایس او نیوز) اُڈپی کے سنتے کٹے میں آج علی الصبح پیش آئے حادثے میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مہلوکین کی شناخت دنیش(35سال) اور منجو ناتھ (21سال) کے طور پر کی گئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ دونوں مہلوک افراد کوکا تعلق کنداپور کے مضافات ’بالکور‘ سے تھا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق دنیش کنداپور سے اڈپی کی طرف ترکاری سے بھری ہوئی ٹیمپو لے جارہا تھا۔ منجو ناتھ اس کے ساتھ ٹیمپو میں سوار تھا۔ صبح 7 بجے کے وقت ٹیمپو بے قابو ہوکر نیشنل ہائی وے پر واقع ہائی ماسٹ لائٹ پوسٹ سے ٹکراگئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں افراد کو گہر ی چوٹ آئی۔ انہیں علاج کے لئے اجرکاڈڈسٹرکٹ اسپتال لے جایا گیا مگرڈاکٹروں نے دونوں کے ہلاک ہوجانے کی تصدیق کی۔
منجوناتھ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والا نوجوان تھاجس نے اپنی ڈگری کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد دنیش کے ساتھ ترکاری سپلائی کرنے کے پارٹ ٹائم کام میں لگ گیا تھا۔ وہ ایک بہترین والی بال کھلاڑی مانا جاتا تھا۔