بھٹکل 19 جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل ٹاون میونسپالٹی پہنچ کر اسسٹنٹ آر ٹی او نے میونسپالٹی کی کار کے تین اسٹیکرس سمیت کرناٹک سرکار کا ایمبولم لگا ہوا اسٹیکر بھی نکال دیا اور اس تعلق سے میونسپالٹی پر 500 روپیوں کا جرمانہ بھی عائد کردیا، واردات آج بدھ صبح قریب دس بجے پیش آئی ہے۔
ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کاروار آرٹی او کو کسی نے جانکاری دی تھی کہ بھٹکل میونسپالٹی کی کار پر میونسپالٹی صدر لکھا ہوا اسٹیکرلگا ہے ساتھ ساتھ کار پر حکومت کرناٹک کا اسٹیکربھی لگا ہوا ہے، جس پر آرٹی او نے ہوناور میں موجود اسسٹنٹ آرٹی او کو خبر دی، اسسٹنٹ آر ٹی او مسٹر ایل پی نائک نے صبح قریب دس بجے بھٹکل میونسپالٹی پہنچ کر کار کی اگلی اسکرین اور پچھلی اسکرین پر لگے اسٹیکرس کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ کار پر لگے میونسپل صدر کے اسٹیکر کو بھی نکال دیا اور پانچ سو روپیہ جرمانہ بھرنے کا بِل کار ڈرائیور کے ہاتھ میں تھما دیا۔
پتہ چلا ہے کہ قریب چھ سات ماہ قبل ہی 16 لاکھ سے زائد مالیت کی نئی اینّوا کار میونسپالٹی کے لئے خریدی گئی تھی، جس پر یہ اسٹیکرس لگائے گئے تھے۔
ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ آر ٹی او مسٹر ایل پی نائک نے بتایا کہ آرٹی او کی طرف سے میونسپالٹی کو نوٹس روانہ کی گئی تھی کہ کار پرمیونسپل صدر اور حکومت کرناٹک کا اسٹیکر نہیں لگایا جاسکتا، اس بناء پر آج وہ خود اپنے اہلکاروں کے ساتھ میونسپالٹی پہنچ کر کار کا معائنہ کیا اور متعلقہ اسٹیکرس موجود ہونے پر اُسے نکالتے ہوئے جرمانہ عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ میونسپالٹی کی طرف سے جرمانہ بھراجاتا ہے یا پھر وہ لوگ کورٹ میں جاتے ہیں، یہ اُن کا معاملہ ہے۔
میونسپالٹی کے صدر جناب پرویز قاسمجی نے بتایا کہ کار پر سے حکومت کرناٹک کا اسٹیکر نکالنا سراسر غلط ہے کیونکہ میونسپالٹی سرکار کی ہوتی ہے اور یہاں سرکاری کام انجام دئے جاتے ہیں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ کاربھی سرکاری فنڈ سے ہی خریدی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جرمانہ نہیں بھرا ہے اور ہم عدالت جانے کی تیاری کررہے ہیں۔