پتور : شراب کے نشہ میں بڑے بھائی نے کیا چھوٹے بھائی کا قتل
پتور، 3 ؍ دسمبر (ایس او نیوز) دو بھائیوں کے درمیان مالی معاملات سے متعلق زبانی جھگڑے سے شروع ہونے والی بات بڑے بھائی کے ہاتھوں چھوٹے بھائی کے قتل پر ختم ہوئی ۔
کیمنجے گاوں میں نیو لائف چرچ کے پاس ایک سائٹ پر لنگپّا ، مہادیوا، ویروپکشا اور دیگر افراد کام کر رہے تھے ۔ یکم دسمبر کی شام میں حسب معمول کام ختم کرنے کے بعد شراب پی کر اپنے شیڈ میں چلے آئے ۔ کچھ پیسوں کے معاملے پر لنگپّا اور اس کے چھوٹے بھائی مہادیوا کے درمیان زبانی جھڑپ شروع ہوئی ۔ اس دوران مہادیوا نے جب لنگپّا کی پیٹھ پر گھونسا مارا تو وہ بھڑک گیا اور باہر سے لوہے سلاخ لا کر مہادیوا کے سر پر پیچھے سے وار کرنا شروع کیا ۔ وہاں پر موجود بقیہ لوگوں نے بیچ بچاو کی کوشش کی ۔ مہادیوا کو زخمی حالت چھوڑ کر لنگپّا موقع پر سے فرار ہوگیا ۔ شیڈ میں موجود دیگر افراد نے زخمی مہادیوا کو پتور سرکاری اسپتال لے گئے ، مگر اس سے پہلے ہی اس نے دم توڑ دیا ۔
پتور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے اور مفرور ملزم کی تلاش جاری ہے ۔