پتورمیں عوام کی نظروں کے سامنے دن دہاڑے ہندوجاگرن ویدیکے لیڈر کا قتل
منگلورو،4/ستمبر (ایس او نیوز) جنوبی کینر اضلع کے پتور میں سمپیا نامی مقام پرعوام کی نظروں کے سامنے ہی دن دہاڑے ہندوجاگرن ویدیکے کے لیڈر کا قتل کردیا گیا ہے۔پرانی رنجش او ررقابت اس قتل کا اہم سبب بتائی جارہی ہے۔
مقتول کی شناخت ہندوجاگرن ویدیکے کے تعلقہ سیکریٹری کارتِک میرلا (30سال) کے طور پر کی گئی ہے۔کہا جاتا ہے کہ سمپیا پولیس اسٹیشن کے سامنے والے حصے میں گنیش اتسوا کا اہتمام کیا گیاتھا اور بڑی تعداد میں لوگ وہاں پر موجود تھے۔ اسی دوران شرپسندوں نے وحشت ناک انداز میں کارتِک پر حملہ کیا اور اسے ہلاک کردیا۔
کہتے ہیں کہ مقتول کارتِک نے ایک نجی فنانسنگ ادارے سے قرضہ لیا تھا۔ اس معاملے پر چند نوجوانوں کے ساتھ اس کا جھگڑا ہوا۔بات تو تو میں میں سے آگے بڑھی تو نوجوانوں کے ایک گروپ نے کارتک پر چاقو سے پے درپے وارکیے اور گہرے زخموں سے بہت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے کارتک موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
سمپیا پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیااور کیس درج کرلیا ہے۔