اُڈپی 21؍دسمبر (ایس او نیوز) کارکلا۔پڈوبیدری ریاستی ہائی وے پر ٹول گیٹ تعمیر کرنے کے خلاف مکمل بند مناتے ہوئے زبردست عوامی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔بیلمن ٹول گیٹ مخالف کمیٹی کے زیر اہتمام بیلمن ٹاؤن سے نندالیکے تک ہزارو ں افراد پر مشتمل ریالی نکالی گئی جہاں پولیس نے احتجاجیوں کو گرفتار کرلیا۔
احتجاجی کمیٹی نے کارکلا بند منانے کی جو اپیل کی تھی اس کو ہر طرف سے مکمل حمایت ملی۔ دکانیں، بینک اور رتعلیمی ادارے پوری طرح بند رہے۔ سڑکوں پر سے بسیں بھی غائب رہیں ۔ ہر طرف ویرانی اور سناٹے کا عالم دکھائی دے رہا تھا۔احتجاجی مظاہرے کا افتتاح کرتے ہوئے کیمار سوامی جی نے کہا’’ میں بیلمن کے عوام کے ساتھ ہوں۔ ہم لوگ پولیس کے کیس یاکسی قانونی اقدام سے خوف کھانے والے نہیں ہیں۔ ہم مذہب اور سیاست سے بالاتر ہوکر کارکلا اور ا طراف کے دیہاتوں میں بسنے والے عوام کے مفاد ات کے لئے لڑ رہے ہیں۔‘‘
احتجاجی کمیٹی کے کنوینرسہاس ہیگڈے نے کہاکہ’’ ہم کسی بھی قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں ، لیکن کسی قیمت پربھی بیلمن میں ٹول پلازہ تعمیر کرکے ٹول وصول کرنے نہیں دیں گے۔یہاں کے ہزاروں باشندوں نے ٹول نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ہم ملک کے قانون کا احترام کرتے ہیں ،لیکن انصاف حاصل کرنے کے لئے احتجاج کررہے ہیں۔ہم سرکاری افسران سے گزارش کرتے ہیں کہ فوری طور پر اس ٹول پلازہ کو بند کردیا جائے۔‘‘
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ودیا کماری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے میمورنڈم قبول کیا۔پھر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹول پلازہ پرضلع انتظامیہ کا کنٹرول نہیں ہے۔اس کے باوجود عوام کی طرف سے دئے گئے اس میمورنڈم کوسنجیدگی سے لیتے ہوئے اسے حکومت کے پا س بھیج دیا جائے گا۔
اس احتجاج میں سب سے دلچسپ منظر ’’ٹول گیٹ ٹری‘‘ کے نام سے بنایاگیا ایک مصنوعی درخت تھا جس پر مختلف قسم کی موٹر گاڑیوں کی خودکشی کرنے کا منظر دکھایاگیا تھا۔ یہ درخت سہاس ہیگڈے کی اختراع تھی جس کا مقصد ٹول پلازہ کے ذریعے عوام کو لوٹنے کی شدت کا احساس دلاناتھا۔