کاروار: اب اسکولوں کے احاطے میں بھی رہے گی پلاسٹک پر پابندی؛ ریاست کے تمام اسکولوں میں طلبہ کے اندر پلاسٹک مخالف شعور بیدارکرنے مختلف پروگرامس کا منصوبہ
کاروار2/اکتوبر(ایس او نیوز)ایک مرتبہ استعمال کرکے پھینکے جانے والی پلاسٹک اشیاء پر ملک بھر میں پابندی کے لئے150ویں گاندھی جینتی کے حوالے سے جو مہم چلائی جارہی ہے اسے اب اسکولوں کے احاطے میں لاگو کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیمات عامہ کے کمشنر کے دفتر سے جاری سرکیولر کے مطابق آج جس مقدار میں نقصان دہ پلاسٹک اشیاء کا استعمال ہورہا ہے اور یہ چیزیں زمین میں مل کر ماحول میں جس طرح آلودگی پھیلا رہی ہیں، اس کا سب سے زیادہ اثر آنے والی نسلوں پر پڑنے والا ہے۔ اس لئے بچوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے کے لئے ایک بار استعمال کرنے کے بعد پھینکے جانے والے (سنگل یوز) پلاسٹک سے پرہیز کرنے کے لئے اسکولی طلبہ کو معلومات فراہم کرنے اور اس کے نقصانات ان پر واضح کرنے کی مہم چلائی جائے گی۔ اس کے لئے اسکولی احاطے میں سنگل یوز پلاسٹک پر مکمل پابندی لگائی جائے گی۔ریاست کے تمام اسکولوں میں طلبہ کے اندر پلاسٹک مخالف شعور بیدارکرنے کے لئے ریالی، نمائش، نکڑ ناٹک جیسے ذرائع استعمال کیے جائیں گے۔اور عوام کے ساتھ ساتھ طلبہ کو پلاسٹک کی متبادل اشیاء کے استعمال کی طرف راغب کرنے کی مہم چلائی جائے گی۔