بیندورمیں ہندو تنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ۔ جانوروں کی چوری اور ذبیحہ پر پابندی کا مطالبہ
بیندور28/جون (ایس او نیوز) وشواہندوپریشد اور بجرنگ دل کی قیادت میں سنگھ پریوار کے کارکنان اور تنظیموں کی جانب سے بیندورمیں ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کیاگیا جس میں جانوروں کی بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتو ں اور جانوروں کے ذبیحہ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ جانوروں کی چوری اور ان کو ذبح کیے جانے سے ہندوؤں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں جس سے فرقہ وارانہ کشید گی پیدا ہوتی ہے۔ بدقسمتی سے جانوروں کی چوری کے واقعات میں بے روک ٹوک اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جن لوگوں کے گھروں سے جانوروں کی چوری ہوئی ہے، ان خاندانوں کو معاوضہ اداکیا جاناچاہیے۔
بیندور روٹری کلب کے پاس احتجاج کرنے کے بعد مظاہرین جلوس کی شکل میں تحصیلدار کے دفتر تک پہنچے اور وہاں تحصیلدار کے علاوہ پولیس افسران کو اپنے مطالبات والا میمورنڈم پیش کیا۔اس موقع پر وی ایچ پی کے لیڈر جگدیش شینوا، ڈسٹرکٹ سیکریٹری پرمود مندارتھی، اسسٹنٹ سیکریٹری گریش کنداپور، گؤ رکھشا دل کے لیڈر دنیش شیٹی ہیبری، وی ایچ پی بیندور کے ذمہ دار سری دھر بیجور، کنوینر جگدیش کولّور، وی ایچ پی اپندا کے ذمہ دار سدھاکرشیٹی اور دیگر بہت سارے افراد موجود تھے۔