ہندوستان نے بنگلہ دیش کو آخری ٹی ٹونٹی میچ میں 30 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی ، دیپک چھاہر کی ریکارڈ ساز باؤلنگ
ناگپور ،11؍نومبر(ایس او نیوز) ہندوستان نےبنگلہ دیش کو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 30 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ بنگلہ دیشی ٹیم 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آخری اوور کی دوسری گیند پر 144 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد نعیم کی 81 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، شیریاس آئر نے 62 اور لوکیش راہول نے 52 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
اس میچ کی خاص بات دیپک چھاہر کی ریکارڈ ساز باؤلنگ ہے جنہوں نے 7 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ناگپور میں کھیلے گئے آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں ہندوستانیٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 174 رنز بنائے، شیریاس آئر نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی، لوکیش راہول 52 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، کپتان روہت شرما 2، شیکھر دھون 19 اور ریشبھ پانٹ 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، منیش پانڈے 22 اور شیوام 9 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، سومیا سرکار اور شافع الاسلام نے 2، 2 اور العمین حسین نے ایک وکٹ لی۔
جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 19.2 اوورز میں 144 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، محمد نعیم کے سوا بنگال ٹائیگرز کا کوئی بھی کھلاڑی حریف باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، محمد نعیم نے 81 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، لٹن داس 9 سومیا سرکار صفر، محمد متھن 27، مشفق الرحیم صفر، کپتان محموداللہ8، عفیف حسین صفر، عامن الاسلام 9، شافع الاسلام 4 اور مستفیض الرحمان 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، دیپک چھاہر نے 6 شیوام نے 3 اور یزویندرا چھاہل نے ایک وکٹ لی۔