بھٹکل میں ایئر پورٹ تعمیرکرنے کے لئے ہائی کورٹ میں پی آئی ایل
بھٹکل 6؍مارچ (ایس او نیوز) بنگلورو ہائی کورٹ میں ایک عوامی مفاد کی عرضی (پی آئی ایل) داخل کرتے ہوئے مطالبہ کیاگیا ہے کہ بھٹکل میں ہوائی اڈے کی تعمیر کے لئے مرکزی حکومت کی وزارت شہری ہوابازی کو ہدایات جاری کی جائیں۔
کاروار تعلقہ کے مادی باغ کے رہنے والے سنجے ریوینکرکی عوامی مفاد کی عرضداشت قبول کرتے ہوئے عبوری چیف جسٹس ایل نارائن سوامی اور جسٹس پی ایس دنیش کی ڈیویژن بینچ نے مرکزی وزارت شہری ہوابازی سمیت مدعاعلیہ کے طور 8افرادکو نوٹس جاری کیا ہے، اور 2ہفتوں کے اندر اس تعلق سے جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔
مدعی نے اپنی پی آئی ایل میں دعویٰ کیا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لئے ہر طرح کی سہولت موجود رہنے والے بھٹکل شہر میں ہوائی اڈے کی تعمیر بہت ہی ضروری ہے۔اس کے علاوہ اس درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گوا کے مڈگاؤں سے بنگلورو کے درمیان کارواراور بی سی روڈ کے راستے سے گزرنے والی رات کی ٹرین سروس شروع کرنے کے لئے بھی ہدایات جاری کی جائیں۔عرضی گزار کے لئے ایڈوکیٹ آر جی کولّے نے عدالت میں پیروی کی ہے۔