بیندور28/اپریل (ایس او نیوز) سنیچر کے دن آدھی رات کے وقت اڈپی ضلع کے بیندور کے قریب سے گزرتی ہوئی ٹرین کی ایئر کنڈیشنڈ بوگی میں آگ بھڑکنے کا واقعہ پیش آیا۔
بتایاجاتا ہے کہ ممبئی سے ایرناکولم کی طرف جانے والی نظام الدین ایکسپریس(12618) کے اے سی کوچ میں شارٹ سرکیوٹ کی وجہ سے رات 1:20 بجے آگ کے بھڑکنے لگی تواس وقت تمام مسافر گہری نیند میں تھے۔ اس وجہ سے کسی کو بھی فوری طور پر اس کا پتہ نہیں چلا۔لیکن ایک خاتون مسافر جسے کنداپور اسٹیشن پر اترنا تھا اس کی نظر بھڑکتی آگ پر پڑی اور اس نے ریلوے کے عملے کو اس کی خبر کردی۔ریلوے کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹرین کو روک لیا اورآگ پر قابو پالیا۔ اے سی کوچ کے شیشے ٹوٹنے سے مسافروں کو چھوٹے موٹے زخم آئے ہیں۔ تمام مسافر گہری چوٹ یا مالی نقصان سے محفوظ رہے۔ ریلوے کوچ کی سیٹیں پوری طرح جل گئی ہیں۔
آگ سے جلی ہوئی بوگی کو ٹرین سے الگ کرنے کے بعد مسافروں کے لئے دوسری بوگی میں نشستوں کا انتظام کرتے ہوئے ٹرین کو ایر ناکولم کی طرف روانہ کردیا گیا۔