کنداپور7نومبر (ایس او نیوز) گنگولی کے مرونتے ساحل سے قریب 15 ناٹیکل میل دور بحر عرب سمندر میں ایک ماہی گیر کشتی میں زبردست آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے کشتی پر موجود ماہی گیروں کی جان کو خطرہ لاحق ہوگیا ۔ مگر خوش قسمتی سے دیگر کشتیوں میں موجود ماہی گیرآگ لگنے کا پتہ چلتے ہی مدد کو دوڑ پڑے اور جلتی کشتی سے تمام لوگوں کو بچانے میں کامیاب ہوگئے۔
کہا جاتا ہے کشتی میں ایک چنگاری کی وجہ سے آگ لگی اور پل بھر میں ڈیزل ٹینک تک پھیل گئی، جس کے بعد پوری کشتی بھڑکتے شعلوں اور گہرے دھویں کے بادلوں میں گھِر گئی۔آگ لگنے سے قریب 60 لاکھ مالیت کا نقصان ہوا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بوٹ مینگلور کے توکوٹو کے کسی شخص کی تھی۔ 12 ماہی گیروں کو سوار کرکے یہ بوٹ کل مینگلور سے ماہی گیری کے لئے نکلی تھی ۔ آگ لگتے ہی دیگر بوٹ والوں نے ان کو اپنی بوٹوں پر سوار کرایا اور اُن کی جان بچانے میں کامیاب ہوگئے۔