منشیات مخالف مہم: منگلورو میں ڈانسر کشور کا ایک او رساتھی گرفتار
منگلورو،28؍ستمبر (ایس او نیوز) ریاست میں اینٹی نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ اور پولیس کی طرف سے چلائی جا رہی منشیات مخالف مہم کے دوران منگلورو پولیس کی سٹی کرائم برانچ نے مشہور ڈانسر اور فلم ایکٹرکشور شیٹی ، اس کے ساتھی امن شیٹی اور عقیل نوشیل کو ایم ڈی ایم جیسی نشہ آور اشیاء کے استعمال اور ان کی فروخت کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔
گرفتار ملزمین سے تفتیش کے دوران حاصل کیے گئے بیان پر کارروائی کرتے ہوئے اب سی سی بی نے محمد شاکر(35سال) نامی ان کے ایک اور ساتھی کو گرفتار کیا ہے جس پر الزام ہے کہ وہ گرفتار شدہ ملزمین اور دیگر افراد کو ممبئی سے ممنوعہ منشیات لاکر دیا کرتا تھا۔گرفتاری کے بعدشاکر کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اس کو مزید تفتیش اور کووڈ جانچ کے لئے پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
کشور شیٹی کی گرفتاری کے بعد سی سی بی نے اب تک امن شیٹی ، نوشیل اور شاکر کے علاوہ کوریوگرافر ترون راج اور منی پور کے رہنے والےآسکا نامی ملزم کو بھی گرفتار کیا ہے۔ اس طرح اس معاملے گرفتار ملزمین کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔
اسی دوران خبر ملی ہے کہ ڈرگ مافیا سے رشتو ں کے پیش نظر اداکارہ انوشری سے جو پوچھ تاچھ ہوئی تھی اس کا سلسلہ اس ہفتے میں بھی جاری رہ سکتا ہے۔کمشنر آف پولیس وکاش کمار نے بتایا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو انو شری سے مزید تفتیش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اب منشیات کی سربراہی کرنے والے ملزم کی گرفتار ی کے بعد اس سے پوچھ تاچھ کے نتیجے میں اور بھی زیادہ معلومات ملنے اور نئے انکشافات ہونے کی توقع ہے۔