بھٹکل تعلقہ ہاسپٹل کا درجہ بڑھانے کا مطالبہ - بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کی طرف سے وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت کو میمورنڈم

بھٹکل 5 / اگست (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ ہاسپٹل کو مزید ترقی دینے اور اس کا درجہ بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کی جانب سے ضلع اُترکنڑا کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجو موگویر اور بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی کے توسط سے وزیر اعلیٰ بومئی اور وزیر صحت کے نام میمورنڈم پیش کیا۔
میمورنڈم میں بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال کا درجہ بڑھانے کی ضرورت اور اہمیت کو بڑی وضاحت کے ساتھ بیان کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس وقت تعلقہ اسپتال میں مریضوں کے لئے 100 بستروں کی جو سہولت ہے اس میں اضافہ کرکے کم از کم 200 بستروں کی سہولت فراہم کی جائے ۔ اس کے علاوہ یہاں پر ٹراما سینٹر قائم کرتے ہوئے اس علاقے کے لوگوں کی طرف سے ایک عرصہ سے کی جارہی مانگ پوری کی جائے اور عوام کو راحت پہنچائی جائے۔ اس موقع پر ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر سریش نائیک اور منیجر راجیش نائیک سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔