کاسر گوڈ میں 7سالہ بچہ ہوا کورونا سے متاثر۔ اوکینڈ کا میں شروع کیا گیا کورونا اسپتال
کاسرگوڈ6/اپریل (ایس اونیوز) کاسرگوڈ ضلع محکمہ صحت عامہ کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق شہر کے نیلے کنج علاقے میں ایک 7سالہ لڑکے کا کوروناوائرس سے متاثر ہونے کا ٹیسٹ پوزیٹیو نکلا ہے۔
میڈیا کو دی گئی اطلاع کے مطابق گزشتہ چار دنوں میں جانچ کے لئے 30نمونے بھیجے گئے ہیں، جبکہ اتوار کے دن صرف ایک ہی نمونہ بھیجا گیا ہے۔ جس سے محسوس ہورہا ہے کہ وباء کی تیزی میں کچھ کمی آ رہی ہے۔جس لڑکے کا ٹیسٹ پوزیٹیو نکلا ہے اس کے والدین پہلے سے اس مرض سے متاثر ہیں اوراُن دونوں کا علاج چل رہا تھا۔کیرالہ میں ریاستی سطح پر اتوار کے دن جملہ 8افراد کو اس مرض میں مبتلا پایا گیا۔اس میں کوزی کوڈ سے سب سے زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں۔
ریاست میں سب سے زیادہ متاثرہ افراد کی تعداد کاسرگوڈ میں ہونے اور اس کے مزید بڑھنے کے آثار کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے کاسرگوڈ کے اوکینڈ نامی مقام پر6اپریل سے کورونا اسپتال شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اسپتال اوکینڈ میں میڈیکل کالج کے لئے تعمیر شدہ عمارت کے اندر شروع کیا گیا ہے۔اس میں 200بستر اور 10آئی سی یو یونٹس ہونگے۔ اسے ایک جدید سازوسامان سے آراستہ اسپتال بنانے کے لئے تقریباً7کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔اس کے بعد مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے 10کروڑ روپوں کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔