ساحل آن لائن کی وڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ؛ بھٹکل پولس تھانہ میں معاملہ درج؛ ایس پی نے کی سخت کاروائی کی یقین دھانی
بھٹکل 19/جون (ایس او نیوز) ساحل آن لائن کی ایک وڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے اور کسی کو بدنام کرنے کی وڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے پر بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں نامعلوم لوگوں کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے۔
ساحل آن لائن کے مینجنگ ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی نے بھٹکل پولس تھانہ پہنچ کر پی ایس آئی بھرت کو بتایا کہ ساحل آن لائن کی ایک وڈیو کی اصلی آواز کو نکالا گیا ہے اور وہاں دوسری آواز دے کر ایک طرف کسی کا مذاق اُڑانے کی کوشش کی گئی ہے تو وہیں مذاق مذاق میں اُنہیں بدنام کرنے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے ساحل آن لائن کوبھی بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے تحریری شکایت میں پولس پرزور دیا ہے کہ وہ خاطیوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرے۔
چھیڑ چھاڑ کی گئی وڈیو دیکھنے کے بعد پولس کے اعلیٰ حکام نے بھی اس طرح کی حرکت پر تشویش کا اظہار کیا ہے، اُدھر کاروار سے ضلع کے ایس پی شیوپرکاش دیوراج نے یقین دلایا ہے کہ وہ اس معاملے کو ہلکے میں نہیں لیں گے اور خاطیوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کریں گے۔