کاروار،15؍اکتوبر(ایس او نیوز) کاروار لندن برڈج پر ایک لاری اور موٹر بائک کے درمیان خطرناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں دونوں بائک سوار ہلاک ہوگئے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق بائک رائڈرآنند (25سال) نامی نوجوان تصادم ہوتے ہی موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار کیدار ناتھ کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ اسپتال لےجایاگیا جہاں علاج کارگر نہیں ہوااور اس نے بھی دم توڑ دیا۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ دونوں افراد منڈگوڈ کے رہنے والے تھے اورکاروار میں ہیسکام کے ایک ٹھیکے دار کے پاس ملازمت کررہے تھے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ لوگ بھاری برسات کے دورا ن بائک پر سوار ہوکر کاروار سے انکولہ کی طرف آ رہے تھے۔بتایا جاتا ہے کہ لندن برڈج پرایک مچھلی کی لاری پیچھے کی جانب سے ان کی بائک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر ٹریفک پولیس کے افسران نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔حادثہ میں ملوث ٹرک اور بائک کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے ٹریفک پولیس اسٹیشن میں مچھلی لاری کے ڈرائیور کے خلاف کیس درج کرلیا ۔