کرونا نے بھٹکل کے لئے بجائی خطرے کی گھنٹی؛ مسقط سے دبئی ہوتے ہوئے مینگلور ائرپورٹ پہنچنے والے مسافر کاخون پایا گیا کروناپوزیٹیو
بھٹکل 22/مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل کے ایک نوجوان میں کرونا وائرس کےاثرات پائے جانے کی اطلاع کے بعد پورے بھٹکل میں کرونا نے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے جس کے ساتھ ہی نہ صرف بھٹکل کے عوام میں بلکہ پورے ساحلی کرناٹکا کے لوگوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ضلع دکشن کنڑا کی ڈپٹی کمشنر سندھو روپیش نے اتوار کو بتایا کہ دکشن کنڑا میں پہلا کرونا وائرس پوزیٹیو کا مریض پائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے اور اس شخص کا تعلق بھٹکل سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 22سالہ یہ نوجوان مارچ 19 کو اسپائس جٹ فلائٹ پر شام 5:30 بجے مینگلور انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اُترا تھا، دیگر مسافروں کی طرح جب اس کی جانچ کی گئی تو یہ مسافر مشکوک پایا گیا جس کی وجہ سے اسے فوراً وینلاک اسپتال کے ایسولیشن (خصوصی) وارڈ میں داخل کیا گیا، اس کے خون کے سیمپل ہم نے حاصل کرتے ہوئے جانچ کے لئے روانہ کیا تھا، جس کی رپورٹ آج موصول ہوئی ہے اور جانچ پوزیٹیو آئی ہے۔ ڈی سی نے مزید بتایا کہ اُس فلائٹ میں 165 مسافر سوار تھے، اب ہم دیگر مسافروں سے رابطہ کررہے ہیں۔
بھٹکل کے تین مسافر ہونے کا شبہ: ذرائع سے خبر ملی ہے کہ اُس فلائٹ پر بھٹکل کے جملہ تین مسافر سوار تھے، جن کی تصدیق کی جارہی ہے اور تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔
مسقط میں کام کرتا تھا: ذرائع سے خبر ملی ہے کہ بھٹکل کا 22 سالہ یہ نوجوان گذشتہ دو سالوں سے مسقط میں کام کرتا تھا، وہ وہاں سے دبئی آیا تھا ، پھر دوبئی سے مینگلور کی فلائٹ پکڑی تھی۔ اس تعلق سے بھی مزید جانکاری حاصل کی جارہی ہے۔
مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہے، اگلی رپورٹ کا انتظار کریں۔