بنٹوال: دن دہاڑے جیوتشی کو چاقو گھونپ کر شرپسند فرار
بنٹوال 20/ مارچ (ایس او نیوز) بی سی روڈ کے پدما کامپلیکس میں واقع ایک جیوتشی کے کمرے میں گھس کر شرپسندوں نے دن دہاڑے جیوتشی کو چاقو گھونپا اور اسے بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کر موقع پر سے فرار ہوگئے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق جیوتشی پر حملہ کا یہ واقعہ آج دوپہر کے وقت پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چاقو کے وار سے جیوتشی شدید زخمی اور بے ہوش ہوگیا۔ اس کے بعد شرپسند جیوتشی کے کمرے کا دروازہ بند کرکے فرار ہوگئے۔ تھوڑی دیر جیوتشی کو کچھ ہوش آیا تو وہ کمرے سے باہر آگیا۔ وہاں دوسرے کمرے موجود لوگوں نے اسے لہولہان حالت میں دیکھ کر فوراً بنٹوال سرکاری اسپتال میں داخل کروایا۔ پھر اس کے بعد مزید علاج کے لئے اس کو منگلورو کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
سمجھا جاتا ہے کہ یہ جان لیوا حملہ کسی پرانی رقابت کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ بنٹوال ٹاون پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر چیلو راج نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔