جس دئیے میں جان ہوگی وہ دیا رہ جائے گا! ۔۔۔۔از قلم:حضرت مولانامحمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب    

Source: S.O. News Service | Published on 6th June 2021, 8:21 PM | اسپیشل رپورٹس | ان خبروں کو پڑھنا مت بھولئے |

    رمضان المبارک کی بابرکت ساعتیں تھیں جب اسرائیل نے غزہ پر حملہ کیا، مسجد اقصی کی حرمت کو پامال کیا گیا، بچوں بوڑھوں، عورتوں اور پر امن شہریوں کو خاک و خون میں تڑپا دیا گیا، ظلم و بربریت کی ایک نئی داستان رقم ہوئی، ہٹلر شاہی کی ایک اور مثال تازہ ہوئی، دنیا نے حقوق انسانی کا ڈرامہ رچنے والوں کے مکروہ چہروں کو ایک مرتبہ پھر بے نقاب دیکھا، عدل و انصاف کی دہائی دینے والے، اور دنیا کو انسانیت کا سبق پڑھانے والے نام نہاد ”ہمدردان انسانیت“کی اصل حقیقت از سر نو سامنے آئی، دنیا کے مختلف خطوں، علاقوں اور بستیوں میں رہنے والے درد مند مسلمانوں کے دل درد اور کسک سے لبریز ہوگئے، معصوم بچوں کی خون میں نہائی ہوئی لاشیں آنکھوں کو آبِ جگر سے دھو گئیں، شوہروں کی میت پر نوحہ و ماتم کرنے کے بجائے عزم و حوصلہ اور ایمان و یقین سے لبریز گفتگو کرنے والی جیالی فلسطینی بہنوں کی شجاعت، شہامت، اور ایمانی کردار نے بزدلوں کو ہمت، بہادروں کو قوت، اور شاہین صفت جوانوں کو استقامت بخشی، اسرائیلی یلغار کا ایمانی للکار سے مقابلہ کرنا ساری دنیا کو یہ پیغام دے گیا کہ ع

اب ہوائیں ہی کریں گے روشنی کافیصلہ
جس دئیے میں جان ہوگی وہ دیا رہ جائے گا

    رمضان المبارک کے آخری آخری دن تھے، ساری دنیا کے مسلمان نماز، روزے، تلاوت اور عبادت میں مشغول تھے، ساتھ ہی عید کی تیاریاں جاری تھیں، نئے کپڑے سلے جارہے تھے، مہنگے چپل جوتے خریدے جارہے تھے، بچے اپنی پسند کے لئے الگ مچل رہے تھے، بڑے اپنے معیار اور انتخاب کے مطابق عید کی تیاریوں میں مشغول تھے کہ فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیل نے یلغار کردی، مسجد اقصیٰ کے بام و در”خون مظلوم“سے نہا گئے، عین نماز کی حالت میں نمازی مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایاگیا، سرخ و سپید رنگت اور پیشانی پر ایمان و یقین کے نور و نکہت سجائے ہوئے نوخیز بچوں اور اٹھتی ہوئی جوانیاں رکھنے والے جیالوں کو بندوق کی گولیوں سے چھلنی کردیا گیا، یہ کیسی حیوانیت،درندگی، اور سفاکیت ہے کہ  بے گناہ انسانوں کو بغیرکسی قصور کے ظلم و تشدد کا نشانہ بنایاجائے، کلیوں کی طرح معصوم اور صبح روشن کی طرح مسکراتے ہوئے نونہالوں کو بیدردی کے ساتھ قتل کردیاجائے، شفقت و مرحمت سے لبریز ماؤں کی گودیں خالی کردی جائیں، ہنستے کھیلتے خاندانوں کو اجاڑ دیاجائے، تنکہ تنکہ جمع کرکے بنائے گئے آشیانوں کو چشم زدن میں زمیں بوس کردیاجائے، اور نہتے انسانوں پر گولیوں،بموں اور میزائلوں کی بوچھار کرکے امن وسکون کو غارت کردیاجائے، لیکن یہ سب کچھ ہوا، اور ساری دنیا کی نگاہوں کے سامنے ہوا، طاقت کے پجاریوں نے کشت و خون کا بازار گرم کیا، قوت و شوکت اور سلطنت و مملکت کے آگے  سجدہ ریز ہونے والوں نے یا تو تائید کی یا خاموشی کو مصلحت جانا، چنگیزی چہرہ رکھنے والے انسانی بھیڑیوں نے بھیڑ کی کھال اوڑھ کر رسمی بیان جاری کیا، او آئی سی کا اجلاس بھی بس مذمتی قرار داد کے ساتھ مکمل ہوگیا، اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کی تنظیمیں بصارت سے محروم اور ظلم و ستم کے مناظر دیکھنے سے عاجز ہوگئیں، اور دور افق پار سے اقبال کی آواز کانوں میں آنے لگی    ع

من ازیں بیش نمی دانم کہ کفن دزدے چند
بہر تقسیم قبور انجمنے ساختہ اند

    طاقت و قوت اور مال و زر سے مالا مال مسلم ملکوں (چند ایک ملکوں کو چھوڑ کر) نے بھی اپنے مفادات کی حفاظت کو زیادہ ضروری خیال کیا، مصلحت کوشی، عافیت طلبی، ظلم و ستم پر مجرمانہ خاموشی کی گرم بازاری کے دوران فلسطینی مسلمانوں نے وہ کیا جو انہیں کرنا چاہئے تھا، نہ وہ دبے نہ جھکے، نہ باطل کے آگے سجدہ ریز ہوئے، نہ صہیونی طاقت سے مرعوب ہوئے، نہ اسرائیلی یلغار سے خوفزدہ ہوئے، ان کے دل خوف سے عاری تھے، ان کی آنکھیں عزم و حوصلے کے نور سے روشن تھیں، ان کے اعضاء و جوارح مقابلے کے لئے وقف تھے اور ان کے ہونٹوں پر وہی قرآنی نعرہ تھا جسے قرون اولی کے مسلمانوں نے ہر زبردست طاقت کے مقابلے اور ہر معرکہ کارزار کے موقع پر اپنا شعار بنایا تھا یعنی حسبنا اللّٰہ ونعم الوکیل(اللہ ہمارے لئے کافی ہے اور وہ بہترین کارساز ہے۔)

ادھر آ ستمگر ہنر آزمائیں 
تو تیر آزما ہم جگر آزمائیں 

    دنیا یہ سمجھتی ہے کہ جنگ ہتھیار اور اوزار سے جیتی جاتی ہے، دانایان فرنگ کہتے ہیں کہ معرکے ذہانت اور عقل کی طاقت سے سر کئے جاتے ہیں، جرنیل اور سپہ سالار فوج کے نظم و ضبط اور سپاہیوں کی کثرت و شجاعت کو میدان جنگ میں     فتح یاب ہونے کا نسخہ قرار دیتے ہیں، کوئی شک نہیں کہ اسباب کی دنیا میں ان چیزوں کی اپنی اہمیت اور حیثیت ہے مگر وہ جسے یقین کی دولت ملی، وہ جسے ایمان کا جوہر ودیعت ہوا، وہ جس نے رات کے آخری پہر مالک و مولیٰ کے آگے گرم آنسو بہائے، وہ جس کی آنکھوں میں عظمت الٰہی کا نور سمایا، وہ جس کے قلب میں معرفت الٰہی کا دیاروشن ہوا، وہ تو یہ یقین رکھتاہے کہ جنگ توفیق الٰہی سے جیتی جاتی ہے، معرکہ قوت ایمانی سے سر ہوتا ہے، میدان جنگ میں غلبہ و فتح کی منزل ناقابل شکست حوصلے کے ذریعہ ہاتھ آتی ہے اور جب یہ جوہر ہاتھ آجائیں تو پھر وہی منظر نگاہ کے سامنے ہوتا ہے جسے اقبال نے بیان کیا تھا    ؎

ٹل نہ سکتے تھے اگرجنگ میں اڑ جاتے تھے
 پاؤں شیروں کے بھی میداں سے اکھڑ جاتے تھے
تجھ سے سرکش ہوا کوئی تو بگڑ جاتے تھے
تیغ کا چیز ہے ہم توپ سے لڑ جاتے تھے
نقش توحید کا ہر دل پہ بٹھایا ہم نے
زیر خنجر بھی یہ پیغام سنایا ہم نے

    غزہ میں معرکہ لڑاگیا اور ایمان و یقین کی طاقت کے ساتھ لڑاگیا، جن کا ساتھ سب نے چھوڑ دیا تھا پاک پروردگار نے ان کا ساتھ دیا، کفروشرک کی یک جٹ طاقتوں کو مٹھی بھرایمان والوں نے شکست دی، اسرائیل کو جھکنا پڑا، باطل کو منہ کی کھانی پڑی، کافروں نے تیغ و تفنگ، میزائل اور راکٹ پر بھروسہ کیا، مسلمانوں نے بے تیغ بھی لڑنے میں کسر نہ چھوڑی، اسرائیل نے آقائے نعمت امریکہ سے امداد چاہی، فلسطین نے طاقت و قدرت والے رب کے حضور فریاد سنائی، شرق و غرب اور        شمال وجنوب میں درد مند اہل ایمان نے دست دعا دراز کیا، مصلے آنسوؤں سے بھیگ گئے، التجا، دعا، تمنا، عاجزی، زاری اور آہ و فغاں نے آسمانوں کے دروازے کھٹکھٹائے، پھر اللہ پاک کی مدد آئی، ظالموں کا منہ کالا ہوا، حق و انصاف کا بول بالا ہوا، جاء الحق وزھق الباطل ان الباطل کان زھوقا(حق آیا اور باطل مٹ گیا، اور باطل تو مٹنے ہی کے لئے ہے۔)

    اسلام کی تاریخ شجاعت اور بہادری کی تاریخ ہے، عزم و حوصلہ کی تاریخ ہے، باطل کے خلاف جمنے اور حق کا کلمہ بلند کرنے کی تاریخ ہے، بدر کے میدان میں کھڑے ہوئے تین سو تیرہ نہتے مسلمانوں سے لے کر، قسطنطنیہ کی فتح کا عزم رکھنے والے محمد ابن فاتح کے با حوصلہ سپاہیوں کی قطاروں تک ایک زریں تاریخ ہے، پامردی کی، حوصلہ مندی کی، جاں کاہی و جاں نثاری کی، اللہ کے نام پر جان لینے اور جان دینے کی، اسی تاریخ میں ایک روشن باب کا اضافہ ہے، فلسطینی مسلمانوں کا بلند اور روشن ایمانی کردار!جب ایک ماں اپنے ننھے معصوم بچے کی خون میں نہائی ہوئی لاش سینے سے لگاکر کہتی ہے کہ”میرے بچے کی جان تو گئی مگر اللہ پاک کے گھر کے لئے گئی،“ جب ایک نوخیز یتیم بچہ شہید باپ کے جنازے میں روتے روتے کہتا ہے ”بابا تم تو چلے گئے مگر مشن زندہ ہے“۔ جب شہادت کا لباس پہننے والے جوان شوہر کی بیوہ کہتی ہے کہ ”سرتاج تمہارا جانا قیامت ہے مگر تم نے تو جنت پالی میں بھی تمہارے پیچھے پیچھے چلی آرہی ہوں۔“ جب ایک باپ اپنے تین تین بیٹوں کی شہادت کے باوجود عزم و ہمت کا پہاڑ بنا نظر آتا ہے اور اس کی آنکھوں سے حسرت و غم کے بجائے تشکر و امتنان کے آنسوچھلکتے ہیں اور وہ یہ کہتا ہے کہ شکر ہے پاک پروردگار کا! جس نے میرے بچوں کی شہادت قبول فرماکر مجھے عزت بخشی اوراس کی زبان حال یوں گویا ہوتی ہے کہ

عجب کیا ہے جو نوخیزوں نے سب سے پہلے جانیں دیں 
کہ یہ بچے ہیں ان کو جلد سوجانے کی عادت ہے

    جب ایک دو شیزہ ظلم کے خلاف آوازاٹھانے کے سبب اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گرفتار ہوتی ہے اور خوف، گھبراہٹ،  اندیشہ، اور رنج کے بجائے ڈٹ کر کھڑی ہوجاتی ہے اور اس کے ہونٹوں پر پاکیزہ مسکراہٹ جلوہ گر ہوتی ہے تو میرا سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے اور جی چاہتا ہے کہ پکار پکار کر سارے چمن میں کہتا پھروں کہ ہاں میں مسلمان ہوں، مجھے فخر ہے کہ میں مسلمان ہوں، میرا اعزاز ہے کہ میں مسلمان ہوں، میری قسمت ہے کہ میں مسلمان ہوں، میری پہچان ہے کہ میں مسلمان ہوں۔

     ظلم و ستم کے مرحلے ہوں یا بربریت و حیوانیت کے معرکے، فلسطینی مسلمانوں کا کردار بتاتا اور سکھاتا ہے کہ مسلمانوں کو پوری ہمت، استقلال اور پامردی کے ساتھ ڈٹے رہنا چاہئے، ڈرجانا، خوف کی چادرمیں منہ چھپانا، بزدلی اور عافیت کی راہ تلاش کرنا، مصلحت کے نام پر مقابلے سے جان چرانا کسی اورکا طریقہ ہوتو ہو مسلمان کا شیوہ و شعار نہیں! فلسطینی مسلمانوں نے جان کی قربانی دی، مال لٹایا، جگر گوشے نثار کئے، شوہر سے بیوی جدا ہوئی، اولاد ماں باپ سے بچھڑی، گھر لٹے، عصمتیں تار تار ہوئیں، آشیانے اجڑے،عمارتیں زمیں بوس ہوئیں مگر ہمت و استقلال کی ایک نئی داستان منصہ شہود پر جلوہ گر ہوئی، طاقت والوں کویہ سبق دیا گیا کہ ہمیں کمزور نہ سمجھنا، اگر تم ہاتھی والے ہو تو ہم ابابیل والے ہیں، اگر تم تیر تلوار، تیغ تفنگ، توپ اور میزائل سے لیس ہو تو ہم ایمان و یقین سے آراستہ پیراستہ ہیں، اگر تم روپیہ پیسہ، عزووجاہت اور شان و شوکت پر بھروسہ کرتے ہو تو ہم توفیق الٰہی اور قوت بازو کا سہارا لیتے ہیں   ؎

کافر ہے تو شمشیر پہ کرتا ہے بھروسا
مومن ہے تو بے تیغ بھی لڑتا ہے سپاہی

    فلسطین میں پچھلے دنوں جو کچھ ہوا، اس سے یہ بات بھی واضح ہوگئی کہ ہمیں اپنی لڑائی خود لڑنی ہے، یہ حقوق انسانی کے چارٹر،یہ حرمت انسانی کی دہائی دینے والے ادارے اور تنظیمیں بس کھیل تماشہ ہیں،ان کا وہی حال ہے جس کی عکاسی ادیب اسحاق نے یوں کی تھی    ؎

قتل امریئ فی غابۃ
جریمۃ لانغتفر
وقتل شعب آمن
مسألۃ فیھا نظر

    (ان لوگوں کی نگاہ میں کسی دوردراز جنگل میں ایک انسان کا قتل ایسا سنگین گناہ ہے جس کی کوئی معافی نہیں اور کسی پرامن قوم پر یلغار کرنا ایسا معاملہ ہے جس میں غوروفکر کی ضرورت ہے۔)

    مسلمانان عالم کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطین کے ساتھ کھڑے رہیں، مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لئے پرجوش اور سرگرم عمل رہیں، فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں، اور اپنے دلوں کی سرد انگیٹھی کو وہاں کے پر جوش مسلمانوں کی قلبی حرارت سے گرمی، تازگی اور روشنی مہیا کریں اور اس حقیقت کو اچھی طرح سمجھ لیں کہ     ؎

جو یقیں کی راہ پہ چل پڑے انہیں منزلوں نے پناہ دی
جنہیں وسوسوں نے ڈرادیا وہ قدم قدم پر بہک گئے 
٭……٭……٭

ایک نظر اس پر بھی

یہ الیکشن ہے یا مذاق ؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔آز: ڈاکٹر مظفر حسین غزالی

ایک طرف بی جے پی، این ڈی اے۔۔ جی نہیں وزیر اعظم نریندرمودی "اب کی بار چار سو پار"  کا نعرہ لگا رہے ہیں ۔ وہیں دوسری طرف حزب اختلاف کے مضبوط امیدواروں کا پرچہ نامزدگی رد کرنے کی  خبریں آرہی ہیں ۔ کھجوراؤ میں انڈیا اتحاد کے امیدوار کا پرچہ نامزدگی خارج کیا گیا ۔ اس نے برسراقتدار ...

بھٹکل سنڈے مارکیٹ: بیوپاریوں کا سڑک پر قبضہ - ٹریفک کے لئے بڑا مسئلہ 

شہر بڑا ہو یا چھوٹا قصبہ ہفتہ واری مارکیٹ عوام کی ایک اہم ضرورت ہوتی ہے، جہاں آس پاس کے گاوں، قریوں سے آنے والے کسانوں کو مناسب داموں پر روزمرہ ضرورت کی چیزیں اور خاص کرکے ترکاری ، پھل فروٹ جیسی زرعی پیدوار فروخت کرنے اور عوام کو سستے داموں پر اسے خریدنے کا ایک اچھا موقع ملتا ہے ...

نئی زندگی چاہتا ہے بھٹکل کا صدیوں پرانا 'جمبور مٹھ تالاب'

بھٹکل کے اسار کیری، سونارکیری، بندر روڈ، ڈارنٹا سمیت کئی دیگر علاقوں کے لئے قدیم زمانے سے پینے اور استعمال کے صاف ستھرے پانی کا ایک اہم ذریعہ رہنے والے 'جمبور مٹھ تالاب' میں کچرے اور مٹی کے ڈھیر کی وجہ سے پانی کی مقدار بالکل کم ہوتی جا رہی ہے اور افسران کی بے توجہی کی وجہ سے پانی ...

بڑھتی نفرت کم ہوتی جمہوریت  ........ ڈاکٹر مظفر حسین غزالی

ملک میں عام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہونے والا ہے ۔ انتخابی کمیشن الیکشن کی تاریخوں کے اعلان سے قبل تیاریوں میں مصروف ہے ۔ ملک میں کتنے ووٹرز ہیں، پچھلی بار سے اس بار کتنے نئے ووٹرز شامل ہوئے، نوجوان ووٹرز کی تعداد کتنی ہے، ایسے تمام اعداد و شمار آرہے ہیں ۔ سیاسی جماعتیں ...

مالی فراڈ کا نیا گھوٹالہ : "پِگ بُوچرنگ" - گزشتہ ایک سال میں 66 فیصد ہندوستانی ہوئے فریب کاری کا شکار۔۔۔۔۔۔۔(ایک تحقیقاتی رپورٹ)

ایکسپوژر مینجمنٹ کمپنی 'ٹینیبل' نے ایک نئی رپورٹ جاری کی ہے جس میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ پچھلے سال تقریباً دو تہائی (66 فیصد) ہندوستانی افراد آن لائن ڈیٹنگ یا رومانس اسکینڈل کا شکار ہوئے ہیں، جن میں سے 81 فیصد کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مسلمان ہونا اب اس ملک میں گناہ ہے۔۔۔۔۔۔۔۔از: ظفر آغا

انہدام اب ایک ’فیشن‘ بنتا جا رہا ہے۔ یہ ہم نہیں کہہ رہے بلکہ یہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کا بیان ہے۔ بے شک مکان ہو یا دوکان ہو، ان کو بلڈوزر کے ذریعہ ڈھا دینا اب بی جے پی حکومت کے لیے ایک فیشن بن چکا ہے۔ لیکن عموماً اس فیشن کا نشانہ مسلم اقلیتی طبقہ ہی بنتا ہے۔ اس کی تازہ ترین مثال ...

بیدر میں وزیراعلیٰ سدرامیا نے وزیراعظم مودی پر کی سخت تنقید 

بیدر کے انتخابی دورہ پر کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدرامیا نے وزیراعظم نریندر مودی پر  یہ کہہ کر سخت تنقید کی کہ  اُنہیں انتخابات کے موقع پر ہی  کرناٹک کی یاد آتی ہے۔ شہر کے گنیش میدان میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں شدید خشک سالی ...

بی جے پی نے باغی لیڈر ایشورپا کو 6 سال کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا

  کرناٹک میں آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن لڑ رہے بی جے پی کے باغی لیڈر کے ایس ایشورپا کو پارٹی نے 6 سال کے لئے معطل کر دیا۔ زیر بحث شیوموگا لوک سبھا سیٹ سے اپنی نامزدگی واپس نہیں لینے کے ایشورپا کے فیصلے کے بعد بی جے پی کی تادیبی کمیٹی نے اس تعلق سے ایک حکم جاری کر دیا۔ ...

یوپی-بہار میں شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی، کئی ریاستوں میں بارش کا الرٹ

راہملک کی شمالی ریاستوں میں درجہ حرارت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ تاہم کچھ ریاستوں میں بارش بھی ہو رہی ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا ہے کہ ہمالیائی مغربی بنگال، بہار، اوڈیشہ، آسام، مغربی ...

بی جے پی کی پالیسیوں کی وجہ سے دلت ومسلم ترقی سے محروم: مایاوتی

بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی کی ذات پات ، فرقہ وارانہ و پونجی وادی سوچ اور پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے غریب، قبائلی، دلت اور مسلمانوںکی ترقی نہیں ہوسکی۔  مایاوتی نے یہاں سکندرآباد میں گوتم بدھ نگر علاقے کے پارٹی امیدوار راجندر سولنکی اور بلندشہر ...