بھٹکل؛ بابری مسجدملکیت معاملہ کا فیصلہ آنے کے بعد ضلع اُترکنڑا میں امن و امان کی بحالی کو یقینی بنانے اے پی سی آرنے ڈپٹی کمشنر کے نام دیا میمورنڈم
بھٹکل:9؍نومبر(ایس اؤ نیوز) سپریم کورٹ کی جانب سے بابری مسجد ملکیت قضیہ کو لے کر متوقع فیصلے کو دیکھتےہوئے اسوسی ایشن فور پروٹیکشن آف سیول رائٹس(اے پی سی آر) اترکنڑا ضلع کی طرف سے ضلع میں امن و امان کی بحالی کے لئے پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ لےکر بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے اترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر کے نام میمورنڈم پیش کیا گیا جس میں سماج دشمن عناصر اور سوشیل میڈیا کی نگرانی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
میمورنڈم میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ملک کی سالمیت اور یک جہتی پر مبنی فیصلہ ہوگا، فیصلہ صادر ہونےکے بعد شرپسند عناصر امن میں خلل ڈالنے اور بھائی چارگی میں نفرت گھولنے کی کوشش کرسکتےہیں ان حالات میں اے پی سی آر نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مناسب قانونی کارروائی کرے۔ اسی طرح سوشیل میڈیا جیسے واٹس ایپ، فیس بک وغیرہ پر سماج دشمن عناصر افواہوں کے ذریعے سماجی صحت کو نقصان پہنچاسکتے ہیں، اس لئے ایسا کرنے والوں کی کڑی نگرانی کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ اے پی سی آر نے سماجی صحت کو برقرار رکھنےکےلئے فیصلہ کے بعد والے چار پانچ دنوں تک سوشیل میڈیاپر پابندی عائد کرنےکی بھی صلاح دی اور کہاکہ سبھی طبقات کے ذمہ داران اور لیڈران سے خیر سگالی ، پیس میٹنگ منعقد کی جانی چاہئے۔
اس سے قبل اسسٹنٹ کمشنر دفتر کے باہر جمع ہوتے ہوئے اے پی سی آر کی طرف سے گفتگو کرتے ہوئے کنڑا کے معروف صحافی محمد رضا مانوی نے اے پی سی آر کا مختصر تعارف پیش کیا جس میں انہوں بتایا کہ اے پی سی آر ملک کے 18ریاستوں میں مظلوم طبقات کی قانونی رہنمائی اورتعاون کرتے ہوئے انہیں انصاف دلانے میں سرگرم عمل ہے۔ عبدالجبار اسدی نے میمورنڈم کی خواندگی کی۔ اے پی سی آر سکریٹری قمر الدین مشائخ نے افتتاحی کلمات کے بعد آخر میں شکریہ ادا کیا۔ صدر مولانا سید زُبیر ایس ایم کی قیادت میں اسسٹنٹ کمشنر ساجد مُلا کو میمورنڈم پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ریاستی شوریٰ کے ممبر عنایت اللہ گوائی ، سماجی کارکن نذیر قاسمجی ، ایڈوکیٹ تمیم ، ثناء اللہ اسدی، یحییٰ ہلارے ودیگر کافی لوگ موجود تھے۔