بھٹکل، 30/ستمبر (ایس او نیوز)بھٹکل کے متعلق معلومات پر مشتمل مولوی شعیب جوکاکو ندوی کی"بھٹکل؛ تہذیب و تمدن اور خصوصیات" کتاب کی رسم اجراء بدھ 27 ستمبر کومخدوم کالونی جمعہ مسجد میں جمعیت الحفاظ کی طرف سے منعقدہ ایک پروگرام میں عمل میں آئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی نے کہا کہ کچھ دہائیوں قبل تک بھٹکل کے متعلق معلومات پر مشتمل کتابوں کی بڑی کمی تھی ،لیکن اب اس میں تیزی کے ساتھ پیش رفت ہونے لگی ہے۔ بھٹکل کے تعلق سے معلومات جمع کی جارہی ہے اور عوام کو اس سے متعارف کرایا جارہا ہے، جو بے حد خوش آئند بات ہے۔
ایک سواڑسٹھ صفحات پر مشتمل "بھٹکل تہذیب و تمدن اور خصوصیات نامی اس کتاب کو مخدوم کالونی کے مولانا محمد شعیب جو کا کو ندوی نے ترتیب دیا ہے ، ڈاکٹر عبدالحمید اطہر ندوی نے اس کتاب پر مقدمہ مرتب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بھٹکل کے متعلق قدیم و جدید کتابوں کو اِس کتاب میں اختصار کے ساتھ اپنے ذاتی تجربات اور معلومات کو اچھے انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔
حرف ابتدائیہ میں راقم کتاب نے لکھا ہے کہ ہندوستان میں کرناٹک کے مغربی ساحل پر واقع بھٹکل ایک خوشنما گلباغ اور تاریخی مقام ہے، جس کی تاریخ اور تہذیب و تمدن کے متعلق تاریخی کتابوں کے صفحات مزین ہیں اور آج بھی یہ شہر اپنی منفرد پہچان بنائے ہوئے ہے، لیکن کچھ شر پسند عناصر اس دل آویز تاریخی خطہ کو دل آزار بنانے کی پیہم کوششوں میں مصروف ہیں، اس سرزمین اور جائے پیدائش سے محبت والفت کا تقاضا تھا کہ اس سے متعلق مواد کو ایک گلدان میں سجا کر گلدستہ کی شکل میں بطور تعارف پیش کیا جائے، تا کہ "بھٹکل " دل آزار ہونے کے بجائے دلنواز بن جائے اور یہاں کے امتیازات و خصوصیات، تاریخ اور تہذیب و تمدن سے واقف ہونے کی تمنا رکھنے والوں کو مختصر معلومات حاصل ہو جائے۔
اس کتاب میں بھٹکل کے قدیم نام خصوصاً فاکنور کا تذکرہ بھٹکل کی قدیم مساجد کے متعلق معلومات ، پانچوں مرکزی اداروں کے علاوہ دیگر مشہور اداروں کی خدمات کا مختصر خاکہ، میدان صحافت سے منسلک مشہور اخبارات و میڈ یا کا مختصر تذکرہ، آثار قدیمہ، تفریحی مقامات ، قدیم وجدید ذرائع آمد ودر رفت کا تذکرہ قابل ذکر ہے۔کتاب کی رسم اجرائی کے موقع پر جمعیت الحفاظ کے صدر مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی ، مولانا ابوالحسن اسلامک اکیڈمی کے بانی و جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی ، مدرسہ دارالتعلیم والتربیہ مخدوم کالونی کے مہتم مولانا شجاع الدین رکن الدین ندوی اور جماعت المسلمین مخدوم کالونی کے سر پرست جناب عثمان ہلارے بھی موجود تھے۔