بھٹکل شرالی کی دختر انجمن ڈاکٹر انیسہ شیخ کو ملی ڈینٹل شعبہ میں اعلیٰ ترین کامیابی : جملہ مضامین کے علاوہ مینگلور کالج کی بہترین طالبہ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا
بھٹکل:12؍نومبر(ایس اؤ نیوز) دختر ِ انجمن کاگولڈ میڈل اور رابطہ گولڈ میڈل ایوارڈ سے سرفراز بھٹکل کی ڈاکٹر انیسہ شیخ طبی میدان میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے اے جے اسپتال مینگلورو میں بھی امتیازی نمبرات سے کامیاب ہونے کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور کالج کی بہترین طالبہ کا ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے بھٹکل سمیت پوری قوم و ملت کا نام روشن کردیا ہے۔
بھٹکل تعلقہ کے شرالی کے شیخ زین العابدین اور صفورہ شیخ کی دختر ڈاکٹر انیسہ کو اے جے ایم ایس آڈیٹوریم میں منعقدہ اے جے انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنس منگلورو کے 13ویں سالانہ جلسے میں ’اورل سرجری ‘ میں اعلیٰ نمبرات حاصل کرنے پر مشہور سرجن نندیش شٹی کے ہاتھوں ’ کویتا میمورئیل ایوارڈ‘ مع سند و نقد انعام سے نوازا گیا، ساتھ ساتھ اُنہیں کالج کی بہترین طالبہ کے ایوارڈ سے بھی نوازاگیا۔ پروگرام کی صدارت ڈاکٹر اے جے شٹی کررہے تھے تو وائس چانسلرپروفیسر سبرامنیا یڈپادیت تھایا مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔
ڈاکٹر انیسہ شیخ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے تعلیمی اداروں سے پرائمری ، ہائی اسکول اور پی یو سی مکمل کرنے کے بعد سی ای ٹی کے بہترین رینکنگ کی بنیاد پر اے جے اسپتال منگلورو کے شعبہ ڈینٹل میں داخلہ لیا ۔ جہاں انہوں نے جنرل پیاتھالوجی اینڈ مائکرو بائیولوجی ، ڈینٹل مٹرئیلس، اورل اینڈ میاکسی لوفیشیل سرجری ، اورل میڈیسن اینڈ ریڈیالوجی ، پیڈیاٹرک ڈنٹسٹری شعبہ میں امتیازی نمبرات سے کامیاب ہوئی ہیں۔ جس کے لئے اُنہیں ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
ڈاکٹر انیسہ شیخ اب تک کئی ریاستی و قومی سطح کے ایوارڈ سے بھی نوازی گئی ہیں۔ اپنی تعلیمی کارکردگی پر شادماں ڈاکٹر انیسہ شیخ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹر کاپیشہ پیسہ کمانا نہیں ہوتا بلکہ غریبوں کا سب سے کم خرچ پر علاج کرانا مقصود ہوتا ہے۔ تعلیم خود اپنی ایک طاقت و قوت رکھتی ہے ،فوجی کی تلوار بھی جو کام نہیں کرسکتی وہ کام تعلیم کے ذریعے کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے اپنے تعلیمی مستقبل کو لےکر کہاکہ اب وہ تمبے گروپ کے گلف میڈیکل کالج یو اے ای سے پوسٹ گریجویشن یعنی ایم ڈی ایس میں داخلہ لینے کا ارادہ رکھتی ہیں ۔ انہوں نے اس تعلق سے تمام قارئین سے دُعا کی بھی درخواست کی ہے۔