ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / آپریشن سیندور رُکا ہے، ختم نہیں ہوا – مودی ، پاکستان کو جوہری دھمکی پر وارننگ

آپریشن سیندور رُکا ہے، ختم نہیں ہوا – مودی ، پاکستان کو جوہری دھمکی پر وارننگ

Tue, 13 May 2025 10:52:24    S O News
آپریشن سیندور رُکا ہے، ختم نہیں ہوا – مودی ، پاکستان کو جوہری دھمکی پر وارننگ

نئی دہلی، 13/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)اتوار کی شب 9 بجے قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ایک بار پھر پاکستان کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارا صبر ہماری کمزوری نہیں بلکہ ہماری حکمت عملی کا حصہ ہے، اور جب جواب دیا جاتا ہے تو پوری قوت کے ساتھ دیا جاتا ہے۔‘‘ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف حالیہ کارروائیوں کو ہندوستانی تاریخ کا سنہرا باب قرار دیا اور کہا کہ ہماری افواج نے ایک بار پھر دنیا کو یہ دکھا دیا ہے کہ ہندوستان  اپنے دفاع کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ صرف ایک ردعمل نہیں بلکہ ایک نئی پالیسی کا اعلان ہے، جو دہشت گردی کو اس کی جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا۔‘‘ وزیراعظم نے ملک کے عوام، اپوزیشن، اور تمام طبقات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب پورا ملک ایک آواز میں بولتا ہے، تو دشمن کی ہمت خود بخود ٹوٹ جاتی ہے۔‘‘

وزیر اعظم مودی نےکہاکہ’’آپریشن سیندور اب  ہندوستان کی  پالیسی ہے۔ ہم  نے ایک نئی لکیرکھینچ دی ہے۔ اگر پاکستان سے حملہ کیا گیا تو ہم اپنی شرطوں پر منہ توڑجواب دیں   گے۔ ‘‘انہوں نے کہاکہ ہم دہشت گردی کی حمایت کرنے والی پاکستان کی حکومت اور دہشت گردوں کو الگ الگ نہیں  دیکھتے۔ دنیا نے پاکستان کا گھناؤنا چہرہ دیکھ لیا۔ ہم اپنے شہریوں کو خطرہ سے بچانے کیلئے فیصلہ کن قدم اٹھاتے رہیں گے۔ آپریشن سیندور نے نئی منزل حاصل کی ہے۔‘‘ انہوں نے پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی روکے جانے  کے تعلق سے دوٹوک انداز  میں کہا کہ آپریشن سیندور ختم نہیں ہوا بلکہ صرف روکا گیاہے۔

وزیراعظم  نےروس   اوریو کرین  جنگ  کے آغاز کے  وقت کے اپنے بیان کو دہرایا کہ ’’ یہ جنگ کا دور نہیں‘‘ لیکن ساتھ ہی کہا کہ ’’یہ  دہشت گردی کا دوربھی نہیں، دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی جاری رہے گی۔‘‘ انہوں نے متنبہ کیا کہ ’’پاکستان کی فوج اور حکومت جس طرح سے دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہے،ایک دن وہ اسی کو ختم کردے گی۔‘‘

وزیراعظم مودی نے ملک کےعوام کو دوٹوک انداز میں باور کرایا کہ پاکستان کے ساتھ گفتگو صرف اور صرف دہشت گردی کے خاتمے اور مقبوضہ کشمیر کے تعلق سے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمارا موقف صاف ہےکہ دہشت گردی اوربات چیت یا دہشت گردی  اور تجارت ساتھ ساتھ نہیں ہوسکتی۔ پانی اورخون ایک ساتھ نہیں بہہ سکتا ۔  ہماری پالیسی ہے کہ اگر پاکستان سے گفتگو ہوگی تو دہشت گردی پر  ہوگی اور پاک  مقبوضہ کشمیرپر ہوگی۔‘‘

وزیراعظم نے پاکستان میں دہشت گردی کے ٹھکانوں کو تباہ کرنےکے لئے فوج کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے ۱۰۰؍سے زائد خونخوار دہشت گردوں کو موت کے گھاٹااتاردیا ،کئی دہشت گرد کھلے عام پاکستا ن میں کئی دہائی سے گھوم رہے تھے،ہم نےایک جھٹکے میں ا نہیں ختم کردیا۔

وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر موجود دہشت گردی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر ہندوستان نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا، ’’جب ہماری افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کی، تو پاکستان کو عالمی برادری سے فریاد کرنی پڑی کہ کشیدگی کو کم کیا جائے۔ 10 مئی کو انہوں نے ہمارے ڈی جی ایم او سے رابطہ کیا، لیکن تب تک ہم اپنا مقصد حاصل کر چکے تھے۔‘‘ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ کارروائی وقتی طور پر روکی گئی ہے، ختم نہیں کی گئی۔ ’’اگر پاکستان نے دہشت گردی کو دوبارہ پروان چڑھانے کی کوشش کی تو جواب پہلے سے بھی سخت ہوگا۔‘‘ 


Share: