ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / یوگادی اور رمضان کے موقع پر بنگلورو سے مختلف شہروں کے لیے کے ایس آر ٹی سی کی 2000 اضافی بسیں چلانے کا اعلان

یوگادی اور رمضان کے موقع پر بنگلورو سے مختلف شہروں کے لیے کے ایس آر ٹی سی کی 2000 اضافی بسیں چلانے کا اعلان

Sun, 15 Mar 2026 12:21:58    S O News

بنگلورو، 15/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) نے یوگادی اور رمضان کے تہوار کے موقع پر عوامی سہولت کے پیش نظر 2000 اضافی بسوں کے ذریعے خصوصی ٹرانسپورٹ انتظامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر اکرم پاشاہ کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق 18، 19 اور 20 مارچ 2026 کو بنگلورو سے ریاست اور بین الریاستی مختلف مقامات کے لیے خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ اسی طرح 22 مارچ 2026 کو ریاست کے مختلف شہروں اور دیگر ریاستوں سے بنگلورو کے لیے بھی خصوصی بس خدمات فراہم کی جائیں گی۔

اعلامیے کے مطابق کیمپے گوڑا بس اسٹیشن سے دھرمستھلا، ککّے سبرامنیا، شیموگہ، ہاسن، منگلورو، کنداپور، کاروار، رائچور، کلبرگی، بیلاری، کوپل، یادگیر، بیدر، تروپتی، وجے واڑہ اور حیدرآباد سمیت کئی اہم شہروں کے لیے خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ اسی طرح میسور روڈ بس اسٹیشن سے میسور، ہنسور، پیریاپٹنا، ویراج پیٹ، کشال نگر اور مڈیکیری کی جانب جانے والے مسافروں کے لیے بھی اضافی بس خدمات فراہم کی جائیں گی۔

مسافروں کی سہولت کے لیے ان خصوصی بسوں میں پیشگی نشستوں کی بکنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ بس اسٹیشن پہنچنے سے پہلے اپنے ٹکٹ پر درج بس اسٹیشن یا پِک اپ پوائنٹ کی تفصیلات کو اچھی طرح دیکھ لیں۔

کے ایس آر ٹی سی کی ویب  سائٹ  www.ksrtc.karnataka.gov.in کے علاوہ ریاست اور دیگر ریاستوں میں موجود کمپیوٹرائزڈ بکنگ کاؤنٹروں کے ذریعے بھی مسافر پیشگی ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

کارپوریشن نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اگر چار یا اس سے زیادہ مسافر ایک ساتھ ٹکٹ بک کرتے ہیں تو انہیں کرایہ میں پانچ فیصد رعایت دی جائے گی۔ اسی طرح اگر مسافر آنے اور جانے دونوں طرف کے ٹکٹ ایک ساتھ بک کریں تو واپسی کے کرایے میں دس فیصد رعایت دی جائے گی۔

اس کے علاوہ تمل ناڈو، آندھرا پردیش، تلنگانہ، کیرالہ، گوا، مہاراشٹر اور پدوچیری کی اہم شہروں میں قائم کارپوریشن کے بکنگ کاؤنٹروں کے ذریعے بھی پیشگی نشستیں محفوظ کروائی جا سکتی ہیں۔

کے ایس آر ٹی سی حکام کے مطابق اضافی بسوں کے روٹس، روانگی کے مقامات اور اوقات کی مکمل تفصیلات آن لائن بکنگ سسٹم اور کارپوریشن کی ویب سائٹ پر فراہم کر دی گئی ہیں۔ مزید برآں، ریاست کے مختلف اضلاع اور تعلقہ سطح کے بس اسٹیشنوں سے بھی مسافروں کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی بس خدمات چلائی جائیں گی۔


Share: