اُڈپی 13/مارچ (ایس او نیوز): ضلع کے نِٹّور علاقے میں جمعہ کی شام پیش آئے ایک سڑک حادثے میں 50 سالہ خاتون ہلاک جبکہ ان کا بیٹا شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ماں اور بیٹا اسکوٹر پر سفر کر رہے تھے اور اچانک گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود کمپاؤنڈ دیوار سے ٹکرا گئی۔
متوفیہ کی شناخت ہیلن سوئنس (50) کے طور پر کی گئی ہے جو کٹپاڈی کی رہائشی بتائی جاتی ہیں۔ ان کا 20 سالہ بیٹا شیروِن اسکوٹر چلا رہا تھا اور حادثے میں اسے شدید چوٹیں آئی ہیں۔ زخمی نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ماں اور بیٹا جس اسکوٹر پر سوار تھے وہ نِٹّور کے قریب سڑک کنارے واقع بابوسوامی دیوستھان کے کمپاؤنڈ وال سے جا ٹکرائی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ پیچھے بیٹھی ہیلن سوئنس شدید زخمی ہوگئیں۔
اطلاعات کے مطابق انہیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال لے جایا جا رہا تھا، تاہم راستے میں ہی وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
اس حادثے کے سلسلے میں اُڈپی ٹریفک پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔