نئی دہلی، 8 مئی (ایس او نیوز) ہندوستان کی جانب سے پاکستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر میزائل حملے کے بعد ملک میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر فضائی سفر پر بھی گہرا اثر پڑا ہے۔ اطلاعات کے مطابق شمالی اور مغربی ہند کے کئی اہم ہوائی اڈوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث 200 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ایئر انڈیا، انڈیگو، اسپائس جیٹ، ایئر انڈیا ایکسپریس، اکاسا ایئر سمیت کئی بین الاقوامی ایئرلائنز نے متاثرہ علاقوں میں اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ان کمپنیوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے مسافروں کو مطلع کیا ہے کہ مخصوص ہوائی اڈوں پر سروسز فی الحال معطل رہیں گی۔
سکیورٹی وجوہات کی بنا پر جن ہوائی اڈوں کو بند کیا گیا ہے ان میں سری نگر، لہہ، جموں، امرتسر، پٹھان کوٹ، چنڈی گڑھ، جودھپور، جیسلمیر، دھرم شالہ، شملہ اور جام نگر شامل ہیں۔ انڈیگو نے اپنی 160 پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ایئر انڈیا کی کئی پروازیں 10 مئی شام 5:29 بجے تک معطل رہیں گی۔
ایئرلائنز نے درخواست کی ہے کہ مسافر ہوائی اڈے جانے سے قبل اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور جانچ لیں۔ اسپائس جیٹ نے اعلان کیا کہ شمالی ہندوستان کے بعض ہوائی اڈے اگلے احکامات تک بند رہیں گے۔ متاثرہ مسافر رقم واپسی یا کسی متبادل پرواز کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
دہلی ہوائی اڈے سے بھی رات کے بعد 35 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، جن میں 23 روانہ ہونے والی اور 8 آنے والی پروازیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 4 بین الاقوامی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
اکاسا ایئر نے بتایا کہ موجودہ حالات کے باعث سرینگر ایئرپورٹ سول فلائٹس کے لیے بند ہے، لہٰذا ان کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسٹار ایئر اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے بھی اپنی کئی پروازیں منسوخ کیے جانے کی اطلاع دی ہے۔
ایئرلائنز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں، موجودہ صورتِ حال کے پیش نظر مکمل تعاون کیا جا رہا ہے، اور مسافر متبادل پرواز یا ریفنڈ کا انتخاب کر سکتے ہیں۔