ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ممبئی، گجرات سمیت ساحلی ریاستوں میں ہائی الرٹ، ماہی گیروں کو احتیاطی ہدایات

ممبئی، گجرات سمیت ساحلی ریاستوں میں ہائی الرٹ، ماہی گیروں کو احتیاطی ہدایات

Sat, 10 May 2025 13:21:17    S O News

ممبئی، 10/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) بڑھتی ہوئی ہند-پاک سرحدی کشیدگی کے پیش نظر مہاراشٹر اور گجرات کی حکومتوں نے ساحلی سیکورٹی کو مزید سخت کرتے ہوئے کئی اہم احتیاطی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر کے ساحلی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے، اور ریاستی ماہی گیری محکمے نے ماہی گیروں کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ آئل رِگ اور دفاعی مقامات کے قریب ماہی گیری سے گریز کریں۔ یہ انتباہ ریاست کی 877.97 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی پر لاگو ہوگا۔

ہندوستانی بحریہ، کوسٹ گارڈ، کوسٹل پولیس، سی آئی ایس ایف اور ریاستی محکمہ ماہی گیری کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی منعقد کی گئی، جس میں ماہی گیروں کو حساس علاقوں سے دور رہنے کی تلقین کی گئی۔ میٹنگ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ممنوعہ علاقوں میں داخلے کی صورت میں سیکیورٹی ایجنسیاں گولی چلانے کا اختیار رکھتی ہیں۔ تمام حفاظتی اداروں کے درمیان تال میل اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (SOPs) پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 26/11 کے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے ماہی گیری کشتیوں میں GPS ٹریکر کی تنصیب اور شناختی عمل کو لازم قرار دیا گیا ہے تاکہ مشتبہ سرگرمیوں پر فوری کارروائی کی جا سکے۔

قابل اعتماد انٹلی جنس اطلاعات کے مطابق، پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے حالیہ دنوں گجرات کی چند ماہی گیری کشتیوں کو پکڑا اور بعد میں چھوڑا ہے۔ ان میں سے ایک کشتی کے ذریعے ممبئی یا قرب و جوار میں ممکنہ دہشت گردانہ حملے کی سازش کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی تناظر میں، پال گھر کے ماہی گیروں کو بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ حساس علاقوں میں جمع نہ ہوں اور مشکوک کشتیوں یا افراد کی فوری اطلاع حکام کو دیں۔ ریاستی حکومت کوشش کر رہی ہے کہ زیادہ تر ماہی گیری کشتیوں کو ٹرانسپونڈرس سے آراستہ کیا جائے تاکہ ان کی مانیٹرنگ ممکن ہو سکے۔

ادھر گجرات حکومت نے بھی حفاظتی اقدامات کے تحت 15 مئی تک ڈرون اور پٹاخوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ ساتھ ہی انٹرنیٹ اور سوشیل میڈیا پر ملک مخالف جذبات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا گیا ہے۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے پولیس، بحریہ اور کوسٹ گارڈ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ سلامتی کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ ریاست جنگی سطح پر تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور مکمل طور پر الرٹ پر ہے۔


Share: