کاروار ،14/ جون (ایس او نیوز) اتر کنڑا میں گزشتہ دو تین دنوں سے جاری برسات میں کچھ کمی ہو گئی ہے، جس سے ساحلی علاقے میں اور بالخصوص کاروار شہر میں معمولات زندگی کے لئے عوام کو ذرا سی راحت ملی ہے ۔ البتہ بعض جگہوں پر زمین کھسکنے کے معاملے پیش آئے ہیں ۔
آج کاروار، انکولہ اور بھٹکل وغیرہ میں تیز بارش کے بجائے ہلکی ہلکی بوندا باندی ہو رہی ہے اور مطلع صاف ہونے کے ساتھ وقفے وقفے سے دھوپ بھی نکل رہی ہے ۔
خیال رہے کہ کاروار میں ہبو واڑا کے نشیبی علاقے میں کل تک سڑکوں پر گھٹنوں تک پانی بھرا ہوا تھا جس کی وجہ سے سڑکوں پر گزرنا مشکل ہو گیا تھا ۔ سونا واڑا میں گھروں کے اندر پانی گھس گیا تھا ۔
کاروار شہر میں سائی مندر علاقے کے علاوہ تعلقہ کے مزید دو مقامات پر زمین کھسکنے کے واقعات ہوئے ہیں ۔ کاروار کے مضافات بینگا اور آرگا میں آئی این ایس کدمبا بحری اڈہ کی طرف جانے کے راستے میں پہاڑی کھسکنے کی وجہ سے نیشنل ہائی وے 66 پر ملبہ گرا ہے ۔ جس سے ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل پڑا ہے ۔ البتہ کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی خبر نہیں ہے ۔