ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان؛ 12 مئی کو ہوگی دوبارہ بات چیت

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان؛ 12 مئی کو ہوگی دوبارہ بات چیت

Sat, 10 May 2025 18:55:49    S O News
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان؛ 12 مئی کو ہوگی  دوبارہ بات چیت

نئی دہلی 10/مئی (ایس او نیوز) : ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان ایک بڑی پیش رفت سنیچر شام کو سامنے آئی ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ دونوں ممالک نے جنگ بندی (Ceasefire) پر اتفاق کرلیا ہے، جس کے تحت زمین، فضا اور سمندر پر کسی بھی طرح کی فوجی کارروائی فوری طور پر روک دی جائے گی۔

 ہندوستانی خارجہ سکریٹری وکرم مِصری نے 10 مئی کو ایک پریس کانفرنس کے دوران اس معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈی جی ایم او (ڈائریکٹرز جنرل آف ملٹری آپریشنز)نے دوپہر 3:35 بجے بھارتی ڈی جی ایم او سے رابطہ کیا، جس کے بعد دونوں فریقین نے شام 5 بجے سے تمام فوجی کارروائی روکنے پر اتفاق کیا۔ دونوں طرف کی افواج کو اس جنگ بندی پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ وکرم مِصری نے مزید بتایا کہ 12 مئی کو دوپہر 12 بجے دوبارہ بات چیت ہوگی تاکہ اس سمجھوتے کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

 یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے 7 مئی کو "آپریشن سندور" کے نام سے ایک بڑا انسداد دہشت گردی آپریشن شروع کیا تھا، جو 22 اپریل کو پہلگام، جموں و کشمیر میں پاکستان کی حمایت یافتہ دہشت گردی کے واقعے کے ردعمل میں کیا گیا، جس میں 26 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

 جنگ بندی (سیزفائر) کیا ہے؟:  جنگ بندی ایک ایسا معاہدہ ہوتا ہے جو دو یا زیادہ ممالک کے درمیان جاری جنگ یا کشیدگی کو وقتی یا مستقل طور پر روکنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ جنگ بندی کسی رسمی معاہدے کے بغیر، دونوں افواج کے آپسی اتفاق سے نافذ کی گئی ہے۔ اس کا مقصد سرحد پر کشیدگی کو کم کرنا اور حالات کو معمول پر لانا ہے۔

 ہندوستانی حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف سخت موقف پر قائم رہے گی، تاہم جنگ بندی سے دونوں ممالک کو تناؤ میں کمی لانے کا موقع ملے گا۔

Video clip of the announcement by Foreign Secretary Vikram Misri


Share: