ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جنگ بندی کے باوجود خطرہ باقی، سرحدی عوام سے گھروں کو واپس نہ لوٹنے کی اپیل

جنگ بندی کے باوجود خطرہ باقی، سرحدی عوام سے گھروں کو واپس نہ لوٹنے کی اپیل

Sun, 11 May 2025 23:50:43    S O News
جنگ بندی کے باوجود خطرہ باقی، سرحدی عوام سے گھروں کو واپس نہ لوٹنے کی اپیل

سرینگر، 11 مئی (ایس او نیوز / پی ٹی آئی): جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں حالیہ پاکستانی شیلنگ کے پیش نظر حکام نے متاثرہ دیہاتوں سے منتقل کیے گئے افراد کو ہدایت دی ہے کہ وہ فی الحال اپنے گھروں کو واپس نہ لوٹیں، کیونکہ ان علاقوں میں تاحال غیر پھٹے گولے اور خطرناک مواد موجود ہو سکتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بین الاقوامی سرحد کے قریبی دیہاتوں سے دو لاکھ سے زائد افراد کو 7 مئی کے بعد شدید شیلنگ کے سبب محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔

کشمیر پولیس کی جانب سے جاری ایک ایڈوائزری میں شہریوں سے کہا گیا ہے: “سرحدی دیہات میں واپس نہ جائیں، کیونکہ وہاں ابھی بھی غیر پھٹے گولے موجود ہیں جو انسانی جان کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔”

پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈز کے ساتھ جلد متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور ان دیہاتوں کو محفوظ بنائیں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف 2023 میں ایل او سی کے قریب غیر پھٹے گولوں کے پھٹنے سے 41 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

جموں کے ضلع پونچھ میں پولیس گاڑیوں کے ذریعے اعلانات کیے جا رہے ہیں کہ عوام کسی مشتبہ چیز کو ہاتھ نہ لگائیں اور مشتبہ چیز نظر آنے پر فوری طور پر قریبی پولیس یا سیکیورٹی کیمپ کو اطلاع دیں۔

پولیس کا کہنا ہے: “واپس لوٹنے والے افراد احتیاط سے کام لیں، اور اگر کوئی مشتبہ شے نظر آئے تو فوراً اطلاع دیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔”

پونچھ ضلع میں شیلنگ کے نتیجے میں بدھ سے اب تک 27 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ 20 ہلاکتیں پونچھ میں رپورٹ ہوئیں۔ یہ حملے اُس وقت شروع ہوئے جب ہندستان  نے 22 اپریل کے پہلگام حملے (جس میں 27 افراد ہلاک ہوئے تھے) کے ردعمل میں پاکستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں "آپریشن سندور" کے تحت نو دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

ہفتے کے روز ہندستان اور پاکستان نے زمینی، فضائی اور سمندری حدود میں تمام فائرنگ اور فوجی کارروائیاں بند کرنے پر اتفاق کیا، تاہم چند گھنٹوں بعد ہی نئی دہلی نے اسلام آباد پر اس معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔

ہنوستانی وزارتِ خارجہ کے سیکریٹری وکرم مِصری نے ایک رات گئے پریس کانفرنس میں پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ معاہدے کی خلاف ورزیوں کو سنجیدگی سے لے اور مؤثر اقدامات کرے۔

ضلع پونچھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شفقت حسین نے مینڈھر سب ڈویژن کے منکوٹ گاؤں کا دورہ کیا اور مقامی باشندوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی مشتبہ یا غیر پھٹے گولے کی موجودگی کی صورت میں فوری طور پر پولیس یا قریبی سیکیورٹی کیمپ سے رابطہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت اطلاع سے قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔

ایس ایس پی نے سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے سرحدی گاؤں میں شیلنگ کے دوران جاں بحق ہونے والی خاتون بلوندر کور کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کی اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

راجوری اور اکھنور کے علاقوں سے بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیاں غیر پھٹے گولے تلاش کرنے میں مصروف ہیں اور عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں اور مشتبہ اشیاء سے دور رہیں۔

 


Share: