بھوبنیشور، 21 نومبر (ایس او نیوز): ہندوستان کی مشرقی ساحلی ریاست اوڈیشہ میں خلیج بنگال سے اٹھنے والے سمندری طوفان ’اکوان‘ (Cyclone Akvan) نے 20 نومبر کی صبح گوپال پور کے قریب ساحل سے ٹکرانے کے بعد ریاست کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع کردیا۔ تاہم، طوفان کے ساحل سے ٹکرانے سے پہلے ہی بڑے پیمانے پر احتیاطی اقدامات اور لوگوں کے انخلا کے باعث اب تک کسی بڑے جانی نقصان یا وسیع پیمانے پر تباہی کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
محکمہ موسمیات (IMD) کے مطابق طوفان نے ساحل سے ٹکرانے کے وقت 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں کے ساتھ دستک دی، جبکہ ہوا کے جھکڑوں کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی تھی۔ طوفان کے اثرات سے اوڈیشہ کے علاوہ آندھرا پردیش اور مغربی بنگال کے بعض علاقوں میں بھی تیز بارش اور خراب موسمی حالات دیکھے گئے۔
اکوان ابتدا میں خلیج بنگال کے وسطی مغربی حصے میں ایک شدید سمندری طوفان (Severe Cyclonic Storm) کی شکل اختیار کرچکا تھا۔ 19 نومبر کو محکمہ موسمیات نے اس کے متعلق آندھرا پردیش اور اوڈیشہ کے ساحلی علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا تھا۔ اس وقت ہواؤں کی رفتار 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ اور جھکڑوں کی رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
تاہم، 20 نومبر کی صبح ساحل کے قریب پہنچنے سے پہلے ہی اس کی شدت کم ہونے لگی۔ یہ طوفان صبح 7:30 سے 8:30 بجے کے درمیان اوڈیشہ کے گوپال پور کے قریب شمالی آندھرا پردیش اور جنوبی اوڈیشہ کے ساحلی علاقے سے ٹکرایا۔ بعد ازاں اس شدید طوفان سے عام سمندری طوفان، پھر ڈیپ ڈپریشن اور ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کی 20 نومبر کی رات کی رپورٹ کے مطابق یہ نظام مزید کمزور ہوکر اوڈیشہ کے وسطی علاقے میں ایک واضح کم دباؤ کے علاقے میں تبدیل ہوگیا۔ اس طرح طوفان کی براہ راست تباہ کن شدت میں نمایاں کمی آگئی۔
اوڈیشہ حکومت نے ممکنہ تباہی سے بچنے کے لیے بڑے پیمانے پر احتیاطی اقدامات کیے۔ ریاست کے وزیر برائے محصولات و ڈیزاسٹر مینجمنٹ سریش پجاری کے مطابق مجموعی طور پر 4,40,461 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
تقریباً 10 ہزار ریلیف شیلٹر تیار رکھے گئے، جن میں سے 3,653 کو فعال کیا گیا۔ 5,674 حاملہ خواتین کو محفوظ مقامات اور طبی مراکز میں منتقل کیا گیا۔ ان خواتین میں سے 2,316 بچوں کی پیدائش محفوظ طریقے سے عمل میں آئی۔
ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے لیے این ڈی آر ایف، او ڈی آر اے ایف اور فائر سروس کی ٹیمیں تعینات کی گئیں۔
وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی نے بھی خصوصی ریلیف کمشنر کے کنٹرول روم پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ ریاستی حکومت کے مطابق بڑے پیمانے پر انخلا اور انتظامی تیاریوں نے ممکنہ جانی نقصان کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
طوفان کے اثرات سب سے زیادہ اوڈیشہ کے گنجام ضلع میں دیکھے گئے، جہاں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور بعض مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔
برہم پور شہر کے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ کوڈالا میں سیلابی پانی میں پھنسے 30 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جبکہ برہم پور کے دورا کالنگا وہار علاقے میں پھنسے مزید آٹھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
اسی ضلع میں پُروشوتّم پور کے قریب واقع مندر جانے والی سڑک پر مٹی کا تودہ گرنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ فائر سروس کے اہلکاروں نے ملبہ ہٹاکر سڑک پر آمدورفت بحال کردی۔ بعض علاقوں میں درختوں کی شاخیں گرنے سے سڑکیں بھی بند ہوئیں، جنہیں امدادی ٹیموں نے صاف کیا۔
طوفان کے دوران اوڈیشہ کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ خاص طور پر بھدرک، بالاسور اور میوربھنج اضلاع میں بجلی بحال کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئیں۔
احتیاطی تدابیر کے تحت تعلیمی اداروں، ساحلوں اور اہم سیاحتی مقامات کو بند کردیا گیا تھا۔ اطلاع کے مطابق طوفان کے پیش نظر 41 سے زائد ٹرینیں منسوخ کی گئیں، جبکہ متعدد دیگر ٹرینوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی۔
چیف سکریٹری انو گَرگ کے مطابق برہم پور اور دیگاپاہنڈی جیسے شہری علاقوں کی بعض سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جسے نکالنے کے لیے ٹیمیں کام کررہی تھیں۔
اوڈیشہ کے ساتھ شمالی آندھرا پردیش کے بعض علاقوں میں بھی طوفان کے اثرات محسوس کیے گئے۔ بالخصوص سری کاکولم ضلع میں تیز بارش اور ہواؤں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
پتہ چلا ہے کہ طوفان کا رخ ابتدائی اندازوں سے تبدیل ہوکر شمال اور شمال مغرب کی جانب بڑھا، جس کے نتیجے میں آندھرا پردیش کو متوقع بڑے نقصان سے کافی حد تک بچالیا گیا۔ ریاست میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
مغربی بنگال میں بھی طوفان کے اثرات کے تحت بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے مغربی بنگال، جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ کے بعض علاقوں میں بھی تیز بارش کا انتباہ جاری کیا تھا۔
21 نومبر کو دستیاب اطلاعات کے مطابق طوفان اکوان اپنی سمندری طوفان والی شدت کھو چکا ہے اور اس کے باقی ماندہ اثرات کم دباؤ کے علاقے کی شکل میں موجود ہیں۔
تاہم محکمہ موسمیات نے اوڈیشہ کے نو اضلاع میں 21 نومبر کو بعض مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 22 نومبر سے ریاست میں موسم نسبتاً خشک رہنے اور حالات معمول پر آنے کی توقع ہے۔دوسری جانب انتظامیہ نے بالاسور اور میوربھنج اضلاع پر خصوصی نظر رکھی ہوئی ہے، کیونکہ پڑوسی ریاست جھارکھنڈ میں متوقع بارش کے باعث ندیوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ موجود ہے۔