نئی دہلی ، 21؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی)کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے کے بیان پر منگل کے روز پارلیمنٹ میں زوردار ہنگامہ ہوا- راجیہ سبھا میں بی جے پی نے کھرگے سے معافی کا مطالبہ کیا، لیکن کانگریس صدر نے زوردار انداز میں کہا کہ وہ اپنے الفاظ پر قائم ہیں - ساتھ ہی کانگریس صدر نے کہا کہ ہم نے ملک کو آزادی دلائی اور ملک کے اتحاد کے لئے اندرا و راجیو گاندھی نے اپنی جان کی قربانی دی، لیکن آپ نے کیا کیا؟راجیہ سبھا میں بی جے پی کو جواب دیتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ”میں نے تقریر میں جو بھی کہا وہ سیاسی تھا اور ایوان کے باہر کہا تھا- اس پر یہاں بحث کرنے کی ضرورت نہیں ہے- میں اب بھی کہہ سکتا ہوں کہ آزادی کے وقت فریڈم موومنٹ میں ان لوگوں کا کوئی کردار نہیں تھا- یہ معافی مانگ رہے ہیں؟“ان کی ان باتوں پر بی جے پی اراکین پارلیمنٹ ہنگامہ کرنے لگے- لیکن کھرگے نے بولنا جاری رکھا-انہوں نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا، ”جو میں نے تقریر میں کہا، اگر وہ یہاں کہا تو ان لوگوں کے لئے بہت مشکل ہو جائے گی- جو آزادی کے لئے لڑے ہیں ان سے آپ معافی مانگنے کے لئے کہہ رہے ہیں! بی جے پی کے ذریعہ یہ بات کہی گئی کہ ملک میں اتحاد رکھنے کے لئے کانگریس پارٹی بھارت توڑو یاترا کر رہی ہے، تب میں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ ملک کو جوڑنے کی بات کرتی ہے- اس کے لئے اندرا گاندھی جی نے اپنی جان دی، راجیو گاندھی نے اپنی جان دی- آپ میں سے کون لوگ اس ملک کے اتحاد کے لئے جان دی ہے؟ میں نے یہ کہا، کیا یہ سچ نہیں ہے؟ انہوں نے تو اپنی جان دی، ملک کو بچایا، تم نے کیا کچھ کیا؟ میں ایسے لوگوں سے سننا نہیں چاہتا-“