بھٹکل 2 / جولائی (ایس او نیوز) عدالت کی طرف سے جاری کیے گئے وارنٹس اور سمنس کو متعلقہ افراد تک پہنچانے، ملزمان کا پتہ لگانے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن میں سول ہیڈ کانسٹیبل کی ذمہ داری نبھانے والے گریش انکولیکر اور اودے نائک کو اتر کنڑا ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی جانب سے سپاس نامہ دیا گیا۔

ضلع ایس پی دفتر کاروار میں منعقدہ پروگرام میں ان دونوں کانسٹیبلوں کو سپاس نامہ تفویض کیا گیا۔ سپاس نامے میں اس بات کی ستائش کی گئی ہے کہ جاری سال کے دوران عدالت کے وارنٹس اور سمنس کی تعمیل کروانے اور مفرور ملزموں کا پتہ لگانے کے ضمن میں انہوں نے 90% تک کامیابی حاصل کی ہے ۔ ان کی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے کئی معاملوں کی تیز رفتار تحقیقات اور نتیجہ خیز انداز میں کیسس حل کرنے کی سمت میں بڑا تعاون ملا ہے ۔ اس لئے محکمہ پولیس ان کی بیش بہا خدمات کی قدر کرتا ہے۔
ضلع ایس پی مسٹر دیپن نے اس موقع پر دوونوں کانسٹیبلوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دیتے ہوئے اس طرح کا اعزاز پانا بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن کے لئے قابل فخر بات ہے ۔ امید ہے کہ آئندہ بھی اسی جوش اور جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت انجام دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔