مینگلورو 2/جولائی (ایس او نیوز) ضلع دکشن کنڑا کے موڈبیدری تعلقہ میں پُتّیگے گرام پنچایت حدود کے نیلّی گڈّے کے قریب زیرِ تعمیر قومی شاہراہ کے مقام پر بدھ کے روز حفاظتی دیوار اور پہاڑی کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق مسلسل بارش کے باعث پہاڑی سے مٹی سرکنے لگی، جس نے سڑک کنارے تعمیر کی گئی حفاظتی دیوار پر شدید دباؤ ڈال دیا۔ دباؤ بڑھنے کے نتیجے میں دیوار منہدم ہوگئی اور تعمیراتی مقام پر بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ واقع ہوئی۔
واقعے کے فوراً بعد تعمیراتی عملے نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور احتیاطی حفاظتی اقدامات شروع کیے۔ حکام نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور نقصان کی نوعیت اور واقعے کے اسباب کا معائنہ کیا۔
خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
