ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’یہاں بھی بلڈوزر چلنے لگا، کسی کا بھی گھر توڑ دیں گے؟‘ پٹنہ ہائی کورٹ کے جج نے پولیس کو لگائی پھٹکار

’یہاں بھی بلڈوزر چلنے لگا، کسی کا بھی گھر توڑ دیں گے؟‘ پٹنہ ہائی کورٹ کے جج نے پولیس کو لگائی پھٹکار

Sat, 03 Dec 2022 23:26:26    S.O. News Service

پٹنہ،3؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) پٹنہ ہائی کورٹ کے جج نے آج بلڈوزر کارروائی کے خلاف بے حد سخت تبصرہ کیا ہے۔ دراصل پٹنہ ہائی کورٹ کے جج نے ایک خاتون کے گھر کو مبینہ طور پر منہدم کیے جانے کے لیے بہار پولیس کو پھٹکار لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کیا یہاں بھی بلڈزر چلنے لگا؟ آپ کس کی نمائندگی کرتے ہیں، ریاست یا کسی نجی شخص کی؟ تماشہ بنا دیا۔ کسی کا بھی گھر بلڈوزر سے توڑ دیں گے؟‘‘ جج کے اس تلخ تبصرہ کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

ہائی کورٹ کے جج نے پولیس انتظامیہ کی کارروائی پر عتراض ظاہر کرتے ہوئے اپنے حکم میں لکھا ہے کہ پولیس انتظامیہ نے اراضی مافیا سے رشوت لے کر قانون کی خلاف ورزی کی ہے اور متاثرہ کا گھر بلڈوزر سے گروا دیا۔ اس کے ساتھ ہی جج نے بے حد غصے میں کہا کہ اگر تھانہ پر ہی سبھی فیصلے کرنے ہیں تو سول کورٹ کو بند کروا دیجیے۔ ساتھ ہی جج نے متاثرہ کو اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی کہ اس معاملہ میں تھانہ سمیت جن بھی افسران نے قانون کے خلاف کام کیا ہے، وہ ان کی جیب سے 5 لاکھ روپے وصول کروائیں گے۔

پٹنہ ہائی کورٹ کے جج کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو کو کئی لیڈروں اور صحافیوں نے بھی شیئر کیا ہے۔ یوتھ کانگریس صدر بی وی شرینواس نے بھی عدالت کی سماعت پر مبنی یہ ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے۔ ساتھ ہی شرینواس نے لکھا ہے ’’جج صاحب کو لاکھوں سلام۔ بلڈوزر بابا کو یہ ویڈیو دکھائی جائے۔‘‘

ہندی نیوز پورٹل ’لوک مت‘ نے اس تعلق سے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پٹنہ کے اگم کنواں تھانہ علاقہ میں ایک گھر کو غیر قانونی تجاوزات بتا کر بلڈوزر سے گرا دیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں متاثرہ نے پولیس پر اراضی مافیا کے ساتھ سانٹھ گانٹھ کا الزام لگاتے ہوئے ہائی کورٹ سے انصاف کی اپیل کی۔ اس تعلق سے سخت روش اختیار کرتے ہوئے پٹنہ ہائی کورٹ نے پولیس کارروائی کو غلط ٹھہرایا اور متاثرہ کے حق میں حکم جاری کیا۔


Share: