بھوپال، 31/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے کہا ہے کہ یہ تشویشناک بات ہے کہ منی پور کہاں کہاں پھیل سکتا ہے۔ اندور میں مہیلا کانگریس کی طرف سے خواتین کے تئیں رویہ بدلنے کی اہمیت پر پروگرام میں مقررین کی تقریروں کے بعد سوال کے جواب میں کمل ناتھ نے کہا، ’’یہ سچ ہے کہ مدھیہ پردیش میں خواتین کاروباریوں کے لئے کوئی منصوبہ نہیں ہے، لیکن ہم وعدہ کرتے ہیں کہ اگر ہماری حکومت آتی ہے تو مدھیہ پردیش پورے ملک میں خواتین کاروباریوں کے لیے بہترین ریاست ہوگی۔‘‘
کمل ناتھ نے کہا، ’اگر ہم ٹی وی چلاتے ہیں تو سب سے زیادہ خواتین نظر آتی ہیں، لیکن پرنٹ میڈیا میں خواتین کی کمی ہے۔ پہلے یہ تھا کہ عورت صرف ایڈیٹر یا رپورٹر ہو سکتی ہے، کیمرہ مین نہیں ہو سکتی تھی لیکن اب سب کچھ بدل رہا ہے۔ خواتین خود اپنی سوچ بدلیں، آپ خود کو کسی ووٹ بینک کے لیے استعمال ہونے سے روکیں۔‘
انہوں نے مزید کہاکہ ’بی جے پی کو 18 سال بعد پیاری بہن یاد آئی، کہتے ہیں خواتین کو ننگے پاؤں نہیں چلنے دیں گے، چپل، چھتری دیں گے، یہ سب کیا ہے؟' کمل ناتھ نے کہا، 'میں پریشان ہوں کہ منی پور کہاں کہاں پھیل سکتا ہے، یہ تشویش کی بات ہے! اس واقعہ سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے۔ بین الاقوامی پریس نے اسے کور کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی کمل ناتھ نے کہا کہ خواتین پر ہونے والے مظالم کے جو کیس آپ سنتے ہیں وہ صرف 10 فیصد ہیں۔ 90 فیصد خواتین ظلم سہنے کے بعد بھی آگے نہیں آتیں۔ ایک سوال کے جواب میں کنہیا کمار نے کہا، 'مجھے خواتین کے بارے میں بولنے کا حق نہیں ہے، لیکن خواتین کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔‘