ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرسی : مہاراشٹرا میں سپاری بھری لاریوں کی ضبطی پر رکن پارلیمان کاگیری نے جتایا اعتراض

سرسی : مہاراشٹرا میں سپاری بھری لاریوں کی ضبطی پر رکن پارلیمان کاگیری نے جتایا اعتراض

Wed, 24 Jun 2026 18:57:20    S O News

سرسی،24 / جون (ایس او نیوز) کسی بھی قسم کی قانونی خلاف ورزی کے بغیر مکمل دستاویزات کے ساتھ  سپاری لے جانے والی لاریوں کو فوڈ سیفٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کے نام پر مہاراشٹرا میں ضبط کیے جانے پر رکن پارلیمان وشویشورا ہیگڑے کاگیری نے سخت اعتراض جتایا ہے ۔
    
انہوں نے کہا کہ اتر کنڑا، شیموگہ، منگلورو سمیت کرناٹکا کے بہت سارے اضلاع سے سپاری کے بیوپاری شمالی ہند اور ملک کی دیگر ریاستوں کو سپاری بھیجتے رہتے ہیں ۔ اس سے اب تک کسی کو بھی کسی بھی قسم کی تکلیف نہیں ہوئی ہے ۔ مگر اب سرکاری افسران نے قانون کا غلط استعمال کرتے ہوئے صرف تیکنیکی اور شکوک کی بنیاد پر سپاری کی لاریوں کو روک کر ضبط کر لیا ہے ۔  
    
رکن پارلیمان کاگیری نے بتایا کہ حال ہی میں کسٹمز اور ڈی آئی آر کے افسران نے انڈونیشیا، میانمار سمیت کئی ممالک سے غیر قانونی طور پر لائی جا رہی غیر معیاری قسم کی سپاری کی اسمگلنگ کرنے والے بین الاقوامی جال کا پتہ چلایا ہے ۔ سپاری کی اس اسمگلنگ پر مکمل روک لگانے کے لئے مہاراشٹرا حکومت نے سخت اقدامات کیے ہیں ۔ اس سے ہمارے علاقوں کے کاشتکاروں اور تاجروں کو تھوڑی سی راحت ملی تھی ۔ لیکن اسی کے ساتھ مقامی تاجروں کی لاریاں روکنا اور ضبط کرنا بالکل نا مناسب قدم ہے ۔ اس سے کاشتکاروں کو سخت تشویش اور پریشانی لاحق ہوئی ہے ۔
    
رکن پارلیمان نے بتایا کہ اس تعلق سے بہت سارے سپاری کے تاجروں، کاشتکاروں کی تنظیموں اور لاریوں کے مالکان  نے شکایت کی ہے ۔ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے مرکزی وزیر، مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ اور دیگر متعلقہ وزراء سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں پوری صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جلد اس کا حل نکالنے کا تیقن دیا ہے ۔ اس لئے سپاری کے کاشتکاروں اور تاجروں کو  گھبرانے اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ 


Share: