ہوناور ،5 / اپریل (ایس او نیوز) شہر کے ایمّیپائل علاقے میں اپنے گھر کے اندر ایک تلوار رکھنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر سرکل پولیس انسپکٹر منجو ناتھ کی قیادت میں بی ای او آفس کے پاس مقیم ناگراج نائک کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اور دو گھنٹے تک چلی تلاشی کے دوران بیڈ روم کے پلنگ پر بچھے بستر کے نیچے چھپائی گئی تلوار برآمد ہوئی جسے ضبط کرنے کے ساتھ ملزم کو گرفتار کیا گیا ۔
انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہونے کے پس منظر میں پولیس کی طرف سے شرپسند عناصر کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ پولیس کے بیان کے مطابق ناگراج نائک کا نام ہوناور پولیس تھانے کے راوڈی شیٹرس میں شامل ہے ۔ اس کے گھر میں تلوار موجود ہونے کا مصدقہ سراغ ملنے کے بعد پولیس نے گھر کی تلاشی کے لئے عدالت سے وارنٹ حاصل کیا تھا اور دو پنچوں کو ساتھ لے کر چھاپہ ماری گئی تھی ۔ تلاشی کے بعد جو تلوار ضبط کی گئی ہے وہ ڈھائی فٹ لمبی ہے اور اس کے تعلق سے ناگ راج نے پولیس کی پوچھ تاچھ کا کوئی واضح جواب نہیں دیا ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس نے الیکشن کے موقع پر کسی بھی سیاسی پارٹی کے حق میں یا مخالفت میں کوئی کارروائی کرنے کے مقصد سے یہ تلوار اپنے گھر میں چھپا کر رکھی تھی ۔