مینگلورو، 29/جون (ایس او نیوز) مینگلورو کے بائیکمپاڈی علاقے میں پیر کی علی الصبح پیش آنے والی ایک سنسنی خیز واردات میں نامعلوم ڈاکوؤں کے ایک گروہ نے کیرالہ کے سونے کے تاجر کو نشانہ بناتے ہوئے تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کے سونے اور نقدی سے لوٹ لیا۔ واردات فلمی انداز میں انجام دی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاعات کے مطابق کیرالہ کے پیننور (Payyannur) کے رہائشی سونے کے تاجر وکاس اپنی اہلیہ روپالی اور بچے کے ساتھ مہاراشٹرا کے سانگلی میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد اپنی سوئفٹ کار کے ذریعے اڈپی سے منگلورو کی جانب واپس آرہے تھے۔ صبح تقریباً چار بجے جب وہ سورتکل کے قریب بائیکمپاڈی جنکشن پہنچے تو دو انووا اور ایک سوئفٹ کار میں سوار افراد نے ان کی گاڑی کو اچانک روک لیا۔
ڈاکوؤں نے وکاس کو زبردستی گاڑی سے اتار دیا جبکہ ان کی اہلیہ اور بچے کو گاڑی میں ہی یرغمال بنا کر گاڑی لے گئے۔ بعد ازاں ملزمان نے کُلور (Kulur) کے قریب خاتون اور بچے کو دھمکا کر گاڑی سے اتار دیا اور سونے، نقدی اور گاڑی سمیت فرار ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈاکو تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کے سونے اور نقدی لے کر فرار ہوئے ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ واردات ایک منظم گروہ نے منصوبہ بندی کے تحت انجام دی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پنمبور پولیس موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے متاثرہ تاجر وکاس اور ان کی اہلیہ روپالی کو بھی موقع پر بلا کر واردات کی مکمل تفصیلات حاصل کیں اور شاہراہ پر مختلف شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔