کمٹہ ،29 / جون (ایس او نیوز) کمٹہ تعلقہ میں کل اتوار کے دن ذرا سی تیز بارش ہوتے ہی کمٹہ - سداپور ریاستی ہائی وے کے ہاروڈی کراس پر سڑک پانی کے تالاب میں بدل گئی جس سے لوگوں اور موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت میں سخت دشواری پیش آئی ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اتوار کے دن کمٹہ تعلقہ میں 18.5 ملی میٹر بارش ہوئی جس کے بعد نشیبی علاقے اور گڈھوں میں بڑے پیمانے پر پانی جمع ہوگیا جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ندیوں میں بھی پانی کی سطح بڑا اضافہ ہوا ۔
لوگوں کا کہنا یہ ہے کہ ہر سال برسات کے موسم میں کمٹہ - سداپور ریاستی ہائی پر پانی جمع ہونا اور سیلابی کیفیت پیدا ہونا ایک معمول بن گیا ہے ۔ کل ہوئی برسات کے نتیجے میں یہاں سڑک پانی میں ڈوب جانے کی وجہ سے دور دراز سے آنے جانے والی گاڑیاں ہائی وے پر پھنس کر رہ گئیں ۔ بہت سی گاڑیوں کو اپنی منزل کی طرف جانے کے لئے متبادل راستہ اختیار کرنا پڑا ۔
اس کے علاوہ پی ڈبلیو ڈی سے متعلقہ سڑک کے کنارے پر بھی پانی نکاسی کا نالا نہ رہنے کی وجہ سے پہاڑی سے اترنے والا اور دوسری جگہ سے بہنے والا پانی بڑی مقدار میں جمع ہو گیا ۔ اس سے سڑک ایک تالاب بن کر رہ گئی ۔
عوام کی شکایت ہے کہ گزشتہ سال بھی ایسی ہی صورت حال کی وجہ سے عوام کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ مگر پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے مانسون کا موسم شروع ہونے سے قبل اس مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش نہیں کی گئی ۔ اتنے برسوں سے اس مسئلے نے عوام کو مشکل میں ڈال رکھا ہے لیکن منتخب عوامی نمائندے اور دوسرے محکمہ جاتی افسران بھی اس مسئلے کا مستقل حل نکالنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دیتے ۔
عوام کا مطالبہ ہے کہ ضلع انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے اور عوام کو درپیش اس مشکل اور دشواری کا مستقل حل نکالے ۔