ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل نیشنل ہائی وے کی درگت - عوام کی مشکلات بڑھا رہے ہیں مچھلی اور فروٹ کے بیوپاری

بھٹکل نیشنل ہائی وے کی درگت - عوام کی مشکلات بڑھا رہے ہیں مچھلی اور فروٹ کے بیوپاری

Mon, 29 Jun 2026 18:57:07    S O News
بھٹکل نیشنل ہائی وے کی درگت - عوام کی مشکلات بڑھا رہے ہیں مچھلی اور فروٹ کے بیوپاری

بھٹکل ،29 / جون (ایس او نیوز) نیشنل ہائی 66 کے تعمیراتی کام میں ہو رہی تاخیر اور غیر سائنٹفک انداز سے انجام دئے گئے کام کی وجہ سے سڑک کی جو درگت بن گئی ہے اس سے عوام کو مسلسل پریشانیوں کا سامنا ہے تو دوسری طرف اسی ہائی وے کے کنارے ہی کاروبار چلانے والے مچھلیوں اور فروٹ کے بیوپاریوں کی وجہ سے عوام اور بالخصوص موٹر گاڑیوں کے لئے مصائب اور رکاوٹوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

تعمیراتی کام کی وجہ سے ہائی وے پر گڈھے، مٹی کے ڈھیر، ناہموار سڑک جیسی دشواریوں سے گزرنے والے عوام اور موٹر گاڑیوں کو مزید مشکل ان مچھلی اور فروٹ کے بیوپاریوں کی وجہ سے پیش آتی ہے جو سڑک کنارے ہی تربوز کے ڈھیر لگاتے ہوئے یا پھر مختلف پھلوں کی گاڑیاں کھڑی کرکے بے روک ٹوک اپنا کاروبار چلاتے ہیں ۔ آتے جاتے لوگ کاریں اور موٹر سائکلیں روک کر یہاں فروٹ کی خریداری یا مول تول میں مصروف رہتے ہیں ۔

ادھر مچھلیاں بیچنے والوں کا معاملہ تو اور بھی پریشان کن ہوتا ہے کیونکہ ان میں سے اکثر لوگ اپنی مچھلی کی گاڑیاں ہائی وے کے کنارے ہی کھڑی کرکے بیوپار کرتے ہیں ۔ اس کے علاوہ یہاں مچھلیاں کاٹ کر دینے کی سہولت دستیاب رہتی ہے ۔ ایسے میں مچھلی خریدنے والے بھی اپنی گاڑیاں سڑک کے کنارے پارک کرتے ہیں ۔

اس طرح ان دونوں قسم کے تاجروں کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کے لئے راستہ باقی نہیں رہتا اور موٹر گاڑیوں کے لئے سڑک تنگ ہو جاتی ہے ۔ اس پر طرفہ تماشہ یہ ہے کہ بلدیہ کے افسران یا دیگر محکمہ جاتی افسران اس طرف آنکھ بند کیے بیٹھے ہیں ۔ اس سے شہری انتظامیہ اور قانونی نظام کی سنگین بدنظمی اور کوتاہی کی عکاسی ہوتی ہے ۔

اس لئے عوام کا مطالبہ ہے کہ ہائی وے پر محفوظ سفر اور آمد و رفت کے لئے طے شدہ قوانین کو پوری طرح لاگو کیا جائے ۔ غیر مجاز طریقے سے نیشنل ہائی وے کے دونوں کناروں پر چلنے والی کاروباری سرگرمیوں پر فواً روک لگائی جائے ۔ مچھلی فروشی کے لئے مارکیٹ موجود رہنے کے باوجود ہائی وے کے کناروں کو مچھلی مارکیٹ بنانے والوں کو وہاں سے ہٹایا جائے ۔ اسی طرح آئے ہائی وے کے کنارے پر آئے دن کھلنے والی فروٹ کی دکانوں کو وہاں سے ہٹایا جائے ۔ اس کے لئے شہری بلدیہ اور محکمہ پولیس کو اس طرف توجہ دینے اور اس تعلق سے عملی کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ 


Share: